قومی کرکٹر ز کو بھی ماہرہ خان کی نئی فلم کا بےصبری سے انتظار

قومی کرکٹ ٹیم کے نامور کھلاڑیوں نے ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کی نئی آنے والی فلم ’قائد اعظم‘ کا ٹیزر دیکھنے کے بعد اُن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے ماہرہ خان کی فلم ’قائداعظم ‘ کا ٹیزر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے یہ جاننے کے لیے تجسس ہو رہا ہے کہ نوٹوں پر قائداعظم کی تصویر کیوں ہے۔
محمد حفیظ نے اپنے ٹوئٹ میں ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ سے مخاطب ہوتے ہوئے اُن کی اس نئی فلم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
سابق کپتان اور آل راؤنڈر شعیب ملک نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر فلم’قائد اعظم‘ کا ٹیزر شیئر کیا ہے اور اُس کے ساتھ ہی ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ دونوں نے کبھی بھی ہمیں اپنے کام سے مایوس نہیں کیا اور مجھے اُمید ہے کہ اس بار بھی آپ کا کام زبردست ہوگا۔
دوسری جانب فاسٹ باؤلر محمد عامر کی جانب سے بھی اُن کے ٹوئٹر پیغام میں فلم ’قائد اعظم‘ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ماہرہ خان نے گزشتہ روز ہی فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی نئی فلم ’قائداعظم ‘ کا ٹیزر جاری کیا ہے
انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں ماہرہ خان کا اس ٹیزر سے متعلق کہنا تھا کہ یہ تو بس چھوٹا سا ٹیزر ہے۔

انہوں نے اس پیغام کے ساتھ فلم کا ڈائیلاگ بھی لکھا تھا کہ ’جانتے ہو نوٹوں پر قائداعظم کی تصویر کیوں ہے؟