آذربائیجان اور آرمینیا جنگ بندی کے نئے معاہدے پر متفق

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت ناگورنو کاراباخ میں جاری کشیدگی میں کمی کی جائے گی۔

دونوں ملکوں نے جنگ بندی معاہدے کی تصدیق کر دی جس پر رات ایک بجے سے عملدرآمد ہو گا۔ معاہدہ امریکہ، فرانس اور روس کے کہنے پر کیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نئے معاہدے کے باوجود ناگورنو کاراباخ میں جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

گزشتہ روز آذربائیجان میں میزائل حملہ ہوا تھا جس میں 10 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ آذربائیجان نے میزائل حملے کا ذمہ دار آرمینیا کو قرار دیا تھا تاہم آرمینیا کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہوا تھا۔ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان جنگ بندی کے حوالے سے 10 گھنٹے کے طویل مذاکرات ہوئے تھے۔

دونوں ممالک کے درمیان 27 ستمبر سے شروع ہونے والی اس کشیدگی کے باعث 300 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوئے۔

Courtesy hum news