گارمنٹس فیکٹری کے کیمیکل ٹینک کی صفائی کے دوران مبینہ طور پر زہریلی گیس کے باعث 6 مزدور دم گھٹنے سے موقع پر ہی جاں بحق

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سائٹ اے تھانے کی حدود نورس چورنگی کے قریب گارمنٹس فیکٹری کے کیمیکل ٹینک کی صفائی کے دوران مبینہ طور پر زہریلی گیس کے باعث 6 مزدور دم گھٹنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ،

واقعہ کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو ادارے کے امدادی رضاکاروں نے ٹینک سے مزدوروں کی لاشوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا، اسپتال میں جاں بحق افراد کی شناخت رمیش ، بورا ، نصیب ، شعیب، گرداری اور کشن کے ناموں سے ہوئی ہے، ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ لاشوں کی حالت بہت خراب تھی، ایسا لگ رہا تھا کہ واقعہ چھ سات گھنٹے قبل پیش آیا ہے، فیکٹری انتظامیہ کے مطابق رات12بجے تک مزدروں سے انکا رابطہ تھا اور مزدروں کا کہنا تھا کہ وہ رات کو آرام کریں گے اور صبح5بجے اٹھ کر ٹینک کی صفائی شروع کریں گے ،تاہم انکا کہنا تھا کہ یہ نہیں پتہ چلا کہ واقعہ کس وقت پیش آیا، پولیس کو واقعہ کی اطلاع ہفتہ کو دو پہر 12بجے ملی، انہوں نے بتایا کہ ٹینک میں ایک وقت میں دو لوگوں کے اترنے کی گنجائش ہے اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ پہلے دو مزدور اترے اور اسکے بعد ایک دوسرے کو بچانے کے لئے باقی مزدور بھی اترے اور دم گھنٹے سے جاں بحق ہو گئے۔