18 اکتوبر کا جلسہ تاریخ ساز کامیاب جلسہ ہوگا۔ جام اکرام اللہ دھاریجو

وفاقی حکومت جلسے کے انعقاد سے قبل ہی اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ وفود سے گفتگو
کراچی۔ 16 اکتوبر۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ 18 اکتوبر کو شہداءکار ساز کی یاد میں منعقد کیا جانے والا پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا جلسہ تاریخ ساز کامیاب جلسہ ہوگا

جو تحریک انصاف کی حکومت کی پیدا کردہ مہنگائی، بیروزگاری اور بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف ایک ریفرنڈم ثابت ہو گا۔ یہ بات آج انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک جمہوری جماعت ہے جو دیگر جمہوری قوتوں کے ساتھ مل کر آئینی و جمہوری طریقے سے تحریک انصاف کی سلیکٹڈ حکومت کے خلاف جدوجہد کررہی ہے۔

صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے مذید کہا کہ 18 اکتوبر کو کراچی میں ہونے والے جلسے میں پاکستان بھر سے بڑی تعداد میں عوام شرکت کرکے سلیکٹڈ وزیراعظم کی نااہلی اور ناقص معاشی پالیسیوں کے خلاف اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکمران نوشتہ دیوار پڑھ لیں۔ اب عوام کی برداشت جواب دے گئی اور اب وہ ظالمانہ نظام کو مذید نہیں برداشت کرسکتے۔


انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ لوگوں کو روزگار دیا ہے لیکن موجودہ وفاقی حکومت نے غریب کے منہ کا نوالہ بھی چھین لیا ہے اور ملک میں غربت ، بھوک اور غربت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی دوبارہ وفاق میں برسر اقتدار آکر عوام کو روزگار دے گی اور پاکستان میں خوشحالی کا دور دورہ ہوگا۔ وفاقی حکمرانوں نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت پاکستان پیپلز پارٹی کی مقبولیت سے خوفزدہ ہو کر جلسے کو ناکام بنانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے لیکن جمہوری قوتیں ایسی تمام غیر جمہوری حرکتوں کو ناکام کردیں گی۔