کراچی کو طلب سے کہیں کم پانی دستیاب ہے، ایم ڈی واٹربورڈ

واٹربورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر اسداللہ خان نے کہا ہے کہ کراچی کو اس کی طلب سے کہیں کم پانی دستیاب ہے، واٹربورڈ بلاکسی تخصیص و امتیاز شہر کے تمام علاقوں میں دستیاب پانی کی فراہمی کیلئے تمام تروسائل بروئے کار لارہا ہے، سیوریج کے نظام میں بہتری کیلئے واٹربورڈ کا عملہ دن رات مصروف عمل ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی کی قیادت میں ملاقات کیلئے آنے والے اراکین سندھ اسمبلی کے وفد کو شہر میں فراہمی ونکاسی آب کے نظام اور اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کیا، وفد میں رکن سندھ اسمبلی شبیر قریشی، سعید آفریدی، عدیل خان، ربستان خان، ڈاکٹر عمران علی شاہ، سدرا عمران اورشہزاد قریشی شامل تھے، ایم ڈی واٹربورڈ نے بتایا کہ وزیربلدیات وچیئرمین واٹربورڈ سید ناصر حسین شاہ کی ہدایات ہیں کہ واٹربورڈ دستیاب پانی بلاکسی امتیاز وتخصیص شہرکے تمام علاقوں کے مکینوں تک پہنچایا جائے، اس موقع پر قائد حزب اختلاف نے ایم ڈی واٹربورڈ سے جاری کاموں اور

منصوبوں سے متعلق معلومات حاصل کیں جبکہ اراکین صوبائی اسمبلی نے اپنے حلقہ کے عوام کو درپیش مسائل سے ایم ڈی واٹربورڈ کو آگاہ کیا، اس موقع پر پی ڈی کے ڈبلیو ایس ایس آئی ایوب شیخ، پی ڈی ایس تھری حنیف بلوچ، پی ڈی کے فور اسدضامن، چیف انجینئر غلام قادر عباس، چیف انجینئر سیوریج سعید شیخ، چیف انجینئربلک ظفر پلیجو، سپرنٹنڈنگ انجینئرز اور دیگر افسران موجود تھے۔