غیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ کیخلاف جامع کارروائی کی جائے، چیئرمین پیمرا

چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ نے ریجنل آفس فیصل آبادکے ذیلی دفتر سرگودھا کا دورہ کیا،انچارج ریجن حافظ محمد جنید نے انچارج ذیلی دفتر سرگوھا عبدالحسیب سید علی مدثر کے ہمراہ چیئرمین پیمرا کو پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، چیئرمین پیمرا نے سرگودھاآفس کو مزید فعال بنانے پر زور دیاتاکہ سٹیک ہولڈرز کے جائز مطالبات کو بروقت پورا کیا جا سکے اور پیمرا قوانین اور الیکٹرانک میڈیا ضابطہ اخلاق پر موثر انداز میں عملدرآمد کروایا جا سکے، ا نہوں نے مزید اس بات پربھی زور دیاکہ غیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ کے خلاف جامع کاروائی کر کے اس ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے تاکہ اربوں روپے کے ملکی سرمائے کی بیرونِ ملک غیر قانونی منتقلی کو روکا جاسکے، اپنے دورہ کے دوران چیئرمین پیمرا نے سرگودھا کے کیبل آپریٹرز کے نمائندگان سے بھی ملاقات کی اور اُن کو یقین دہانی کروائی کہ پیمرا ان کے تمام جائز مطالبات پورے کرے گا، تاہم انہوں نے کیبل آپریٹرز کو کہا کہ وہ

پیمرا قوانین کے دائرے میں رہتے ہوئے کام کریں اور غیر قانونی و ممنوعہ چینلز کو فوراً بند کر دیں اور سی ڈی چینلز پرغیرملکی مواد دکھانے سے گریز کریں،کیبل آپریٹرزپر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ معاشرے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں اور سماجی و معاشرتی اقدار کے محافظ بنیں، عوام کو بہترین سروس کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے ان تمام چینلز کی ترسیل کو بند کیا جائے جو کہ ہماری مذہبی ، معاشرتی اور سماجی اقدار پر پورا نہیں اترتے،مزید برآں اس بات کا بھی خاص خیال رکھیں کہ ایسے تمام پیغامات جو کہ معاشرے میں آگاہی پیدا کرنے میں کارآمد ہیں جیسا کہ صاف و سرسبز پاکستان / ٹریفک قوانین کے متعلق پیغامات کی ترسیل کو یقینی بنائیں تاکہ ایک ذمہ دار معاشرہ عمل میں لایا جا سکے، پیمرا غیر قانونی ڈی ٹی ایچ کی ترسیل اور ترویج کے بارے میں کسی قسم کی کوئی رواداری یا رعایت نہیں بخشے گا، چیئرمین پیمرا نے فیصل آبادآفس کے افسران سے کہا کہ وہ پیمرا قوانین پر عملدرآمد کویقینی بنائیں اور ساتھ ساتھ اس بات پر بھی زور دیا کہ ریگولیٹر دوستانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطہ و مشاورت یقینی بنائیں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور پیمرا کا مفاد اولین ترجیح رکھتا ہے تاہم تما م وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے تمام پیمرا لائسنس یافتگان کو مکمل سہولت اور حمایت یقینی بنائی جائے۔ اس دورے میں انکے ساتھ ڈائریکٹر جنرل (آپریشنز ڈسٹری بیوشن) محمد فاروق، ڈائریکٹر جنرل (میڈیاوتعلقاتِ عامہ)محمد طاہر موجود تھے
—jang—-report—-