شاہراہ پاکستان کی گرین بیلٹ اور شاہراہ کے دونوں اطراف شجر کاری مہم کے تحت پودے لگانے اور صفائی ستھرائی کاکام

ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ تین ہٹی برج کے دونوں اطراف حفاظتی گرل، فٹ پاتھ پر ٹائلیں لگانے، تجاوزات کو ختم کرنے اور اس تاریخی پل کو خوبصورت اور دلکش بنانے کے لئے کام جاری ہے جسے اگلے ایک ہفتے میں مکمل کرلیا جائے گاجبکہ شاہراہ پاکستان کی گرین بیلٹ اور شاہراہ کے دونوں اطراف شجر کاری مہم کے تحت پودے لگانے اور صفائی ستھرائی کاکام کیا جارہا ہے جس کے بعد اس شاہراہ پر نمایاں تبدیلی نظر آئے گی اور اس شاہراہ سے تجاوزات کو بھی ختم کیا جائے گا، یہ بات انہوں نے تین ہٹی، لیاقت آباد، عائشہ منزل اور واٹر پمپ کے دورے کے موقع پر کہی، ڈائریکٹر جنرل پارکس طحٰہ سلیم، ڈائریکٹر کلچرل اینڈ اسپورٹس سید خورشید شاہ، چیف انجینئر نجیب احمد اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کی سڑکوں کو موٹر ایبل بنانے، شاہراہوں پرشجر کاری، تجاوزات کے خاتمے اور صفائی ستھرائی کے کام کو مسلسل جاری رکھا جائے گا، انہوں نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں شہر کے


دیگر بلدیاتی اداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں اور ان کے تعاون سے یہ کام مکمل کئے جارہے ہیں، ایڈمنسٹر یٹر کراچی نے کہا کہ فریئر ہال، برنس گارڈن، سرسید پارک، باغ ابن قاسم کے بعد کے ایم سی کے دیگر پارکوں کی صفائی ستھرائی اور ان میں بڑی تعداد میں شجر کاری کی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ بہت جلد کے ایم سی کے زیر انتظام تمام پارکس شہریوں کے لئے تفریح کے مواقع فراہم کرنے کے قابل ہوجائیں گے جہاں لوگ اپنی فیملی کے ہمراہ پر سکون وقت گزار سکیں گے، انہوں نے کہا کہ گرین بیلٹ کے درمیان شجر کاری سے شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے ساتھ ساتھ فضائی آلودگی میں بھی کمی واقع ہوگی، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کی جو سڑکیں گزشتہ بارشوں کے دوران متاثر ہوئی ہیں یا ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئی ہیں ان کی استر کاری اور مرمت کے لئے بھی احکامات دے دیئے گئے ہیں

جبکہ پلوں اور فلائی کے ایکپنشن جوائنٹ تبدیل کئے جارہے ہیں جس سے ٹریفک کی روانی بہتری آئے گی اور شہریوں کو کم سے کم تکالیف کا سامنا کرنا پڑے گا، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے عائشہ منزل چورنگی پر شجر کاری مہم کے تحت پیپل کا پودا بھی لگایا، اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ شجر کاری مہم میں پیپل اور نیم کے درختوں کے علاوہ چھاؤں فراہم کرنے والے درخت زیادہ لگائے جائیں، شجر کاری مہم ایک ہفتے کے مکمل کی جائے گی، اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی فتخار علی شالوانی نے اہل کراچی اور مختلف اداروں سے درخواست کی کہ صفائی ستھرائی، شجر کاری، رنگ روغن اور تعمیراتی کاموں میں کے ایم سی کی مدد کریں۔