گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیرِ صدارت سندھ انڈسٹریل لائژن کمیٹی کا اجلاس


ملک کی صنعتی ترقی وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،گورنر سندھ۔ معدنیات کے شعبہ میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا جائے گا،شہزاد قاسم
کراچی (اکتوبر10)
گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیرِ صدارت سندھ انڈسٹریل لائژن کمیٹی کا اجلاس گورنر ہاﺅس میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے معدنی وسائل شہزاد قاسم نے بھی اجلاس میں موجود تھے جبکہ وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت پاکستان، کراچی چیمبر کے نمائندوں اور شہر کے صنعتی علاقوں کی ایسوسی ایشنز کے صدور نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کے معدنی وسائل کے موثر استعمال کے لئے اقدامات پر تبادلہ خیال کے علاوہ صنعتی علاقوں کے مسائل جن میں بجلی، گیس، فراہمی و نکاسی آب کی صورتحال اور ان کے حل پر بھی غور کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان ہر طرح کے معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان وسائل سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جائے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ملک کی صنعتی ترقی وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس ضمن میں وفاقی حکومت ہر ممکن اقدامات بروئے کار لارہی ہے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ کورونا کے دوران وزیر اعظم عمران خان کی بہترین حکمت عملی کے باعث پاکستان کی معیشت دوسرے ممالک کی طرح متاثر نہیں ہوئی۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے معدنی وسائل شہزاد قاسم نے کہا کہ معدنیات کے شعبہ میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا جائے گا۔

اجلاس میں وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت پاکستان کے سلطان رحمان ،کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (KCCI)کے صدرشارق وہرا، کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر سلیم الزماں، فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر سید رضا حسین ،نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر فیصل معیز، سائٹ ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر عبد الہادی، بن قاسم ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر نوید شکور، سائٹ سپر ہائی وے ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر نثار ، لانڈھی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر اجمل افضل ، معروف صنعت کار زاہد سعید اور زبیر باویجہ بھی شریک تھے۔