ملتان کے بعد نیشنل ٹی ٹوئنٹی کا میلہ کل سے راولپنڈی میں سجے گا

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا پہلا مرحلہ ملتان میں مکمل ہوگیا، اب یہ میلہ کل سے راولپنڈی میں سجے گا۔ ٹیموں نے راولپنڈی میں ڈیرے ڈال دیے۔

ایونٹ کے پہلے مرحلے میں بیٹسمنوں کا پلہ بھاری رہا، اب تک عبد اللّٰہ شفیق بیٹنگ اور شاہین شاہ بولنگ میں سر فہرست ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کھلاڑیوں کی ملتان سے پنڈی کے سفر کی ویڈیو جاری کی ہے جس میں محمد عامر ٹیم بس میں ہلہ گلہ کرتے نظر آئے۔

ملتان میں ہونے والے پہلے مرحلے میں ناردرن کی ٹیم ناقابلِ شکست رہ کر ٹاپ پوزیشن پر موجود ہے، دفاعی چیمپئن ناردرن اب تک ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں لگاتار 11 فتوحات اپنے نام کرچکی، کے پی دوسرے اور بلوچستان تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
پہلے مرحلے کے 14 میچوں میں بلے بازوں کا پلڑا بھاری رہا، 14میچوں کی 8 اننگز میں 200 یا اس سے زائد کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا گیا، مجموعی طور پر 481 چوکے اور 180 چھکے لگے۔

بیٹنگ میں عبداللّٰہ شفیق ایک سنچری کے ساتح 236 رنز بناکر ٹاپ اسکورر ہیں جبکہ بولنگ میں شاہین شاہ آفریدی 12وکٹوں کے ساتھ سر فہرست ہیں