مومنہ مستحسن نے ’الف‘ کا گانا گنگناکر مداحوں کے دل جیت لیے

معروف گلوکارہ مومنہ مستحسن نے جیو انٹرٹینمنٹ کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’الف‘ کا ایک سال مکمل ہونے پر گلوکاری کرکے اپنی خوشی کا اظہار کیا ہے۔

گزشتہ دنوں مشہور ڈرامہ سیریل ’الف‘ کو ایک سال مکمل ہوا ہے اور اس موقع پر جہاں الف کے مداحوں نے مختلف طریقوں سے اپنی خوشی کا اظہار کیا ہے تو وہیں کاک اسٹوڈیو سے شہرت پانے والی نامور گلوکارہ مومنہ مستحسن نے بھی اپنے انداز میں ’الف ‘ کی یاد تازہ کی ہے۔

سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر مومنہ مستحسن نے اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں گلوکارہ ڈرامہ سیریل’ الف‘ کا ٹائٹل سانگ گنگنارہی ہیں، ہاتھ میں گیٹار تھامے مومنہ مستحسن نے ’الف‘ کے گانے کے چند بو ل گنگنائے
انسٹاگرام پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے مومنہ مستحسن نے لکھا کہ ’الف کو ایک سال مکمل ہوگیا ہے اور مجھے یہ سوچ کر بہت خوشی محسوس ہوتی ہے کہ میں اس پراجیکٹ کا حصہ رہی۔‘

مومنہ مستحسن نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں ’الف‘ کے مداحوں سے سوال کیا کہ ’آپ لوگوں نے ڈرامہ سیریل الف سے کیا سیکھا؟
گلوکارہ کے سوال پر مداحوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’اس ڈرامے میں اللّہ اور اُس کے بندے کی محبت کو دِکھایا گیا اور ہم نے سیکھا ہے کہ اللّہ ہمیشہ اپنے بندوں کے ساتھ ہوتا اور انسان کو صرف اللّہ سے ہی عشق کرنا چاہیے اور اُس کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے زندگی گُزارنی چاہیے۔‘

مومنہ مستحسن نے گزشتہ روز اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر یہ ویڈیو پوسٹ کی ہے جسے اب تک 3 لاکھ 84 ہزار سے زائد صارفین لائک کرچکے ہیں
یاد رہے کہ ڈراما سیریل ’الف‘ کی کہانی ”قلب مومن“ اور ”مومنہ سلطان“ کی زندگی پر مشتمل ہے جس نے اپنی کہانی سے ناصرف دیکھنے والوں کے دل جیتے بلکہ پاکستانی ڈراما انڈسٹری کی تاریخ میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ بھی قائم کیے۔

اِس ڈراما سیریل کی کہانی ’عمیرہ احمد ‘ نے لکھی ہے جبکہ اس کے ہدایتکار ’حسیب حسن‘ ہیں اور پروڈیوسر ثمینہ ہمایوں سعید اور ثنا شاہنواز ہیں
ڈراما سیریل ’الف‘ کے مرکزی کرداروں میں حمزہ علی عباسی، سجل علی، کبریٰ خان، احسن خان، منظر صہبائی، سلیم معراج، لبنیٰ اسلم، عثمان خالد بٹ اور دیگر شامل ہیں