اپوزیشن اتحاد کی تحریک روکنے کیلئے بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کرنے کی تیاریاں

اپوزیشن اتحاد کی تحریک روکنے کیلئے بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کرنے کی تیاریاں، حکومت نے تمام اپوزیشن جماعتوں کے سرگرم کارکنوں کی فہرستیں تیار کرنے کا حکم دے دیا، ن لیگ، پیپلز پارٹی، جمعیت علمائے اسلام ف کی الگ الگ فہرستیں مرتب ہوں گی ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے اپوزیشن اتحاد کی تحریک کو روکنے کیلئے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
اس حوالے سے باقاعدہ احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب حکومت کی امن و امان سب کیبنٹ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر قانون ،ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ،آئی جی پنجاب و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں سےمتعلق اہم فیصلے کئے گئے اور اسپیشل برانچ کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا گیا کہ روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ دی جائے گی۔

اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کے سرگرم کارکنوں کی فہرستیں تیار کرنے کا حکم دیتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ کوئی بھی قانون ہاتھ میں لینےکی کوشش کرے گا توسخت ایکشن ہوگا۔ بتایا گیا ہے کہ ن لیگ، پیپلز پارٹی، جمعیت علمائے اسلام ف کی الگ الگ فہرستیں مرتب ہوں گی جبکہ جہاں جلسے ہوں گے وہاں اپوزیشن جماعتیں کتنے افرادلاسکتیں ہیں، کن کن افراد کی بندےلانے اور کھانے کی ڈیوٹیاں لگائیں گئیں اور اپوزیشن کےکتنےرہنما و کارکن ہیں جن کیخلاف مقدمات درج ہیں، اس حوالے سے رپورٹ طلب کرلی گئیں ہیں۔
پنجاب حکومت نے واضح کیا ہے کہ کسی کوقانون اورحکومتی احکامات کے برعکس اقدامات کی اجازت نہ ہو گی۔ یہاں واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کی جانب سے 16 اکتوبر سے حکومت کیخلاف جلسوں کے انعقاد کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ 16 اکتوبر کو اپوزیشن گوجرانوالہ میں اپنا پہلا جلسہ کرے گی۔ اس کے بعد کراچی، لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں حکومت مخالف جلسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔