کوویڈ19 کی وجہ سے سیکیور ببل کا عادی ہوگیا ہوں، بابر اعظم

پاکستان ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ کوویڈ 19کی وجہ سے بائیو سیکیور ببل کے عادی ہوچکے ہیں۔

بابر اعظم نے ایک بیان میں کہاکہ کورونا وائرس کی وباء کے باوجود کرکٹ کی سرگرمیاں جاری رہناخوش آئند ہے، دباؤ ختم کرنےکے لیےساتھی کھلاڑیوں سے گفتگو کرتا ہوں اور اپنی بیٹنگ آنے سے پہلے ڈریسنگ روم میں گپ شپ کرتا رہتا ہوں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ بڑے عرصے سے ڈومیسٹک کرکٹرز سے ملاقات نہیں ہوئی تھی،اپنی ڈومیسٹک ٹیم سینٹرل پنجاب کو راولپنڈی میں جوائن کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ میری کامیابی کا راز ہمیشہ اپنا قدرتی کھیل کھیلنا ہے، مشکل سے مشکل کنڈیشنز اور پچ پر سخت پریکٹس کرتا ہوں،انگلینڈ میں اچھا باؤنس ملتا ہے جس سے بیٹنگ بہتر ہوئی ہے۔

بابر نے کہا کہ زمبابوے کے خلاف بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے، سیریز میں کامیابی حاصل کرکے نیوزی لینڈ روانگی سے قبل موممنٹم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔