شاہ محمود قریشی کا ترک ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ،دورہ پاکستان کی دعوت

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو کے مابین ٹیلیفونک رابطے میں دونوں وزرا خارجہ نے دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اہم علاقائی و عالمی امور کے حوالے سے پاکستان اور ترکی کے موقف میں مماثلت، خوش آئند ہے۔

وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ترکی کی جانب سے مسلسل واضح اور دو ٹوک موقف اپنانے پر ترک وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 75 ویں اجلاس میں جس طرح ترک صدر رجب طیب اردگان نے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھائی ہے اس سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ پاکستان، افغان امن عمل سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے جس پر ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو نے افغانستان میں قیام امن کی کاوشوں سمیت خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی و باہمی دلچسپی کے امور پر مشاورتی سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ٹیلیفونک رابطے میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی طرف سےترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو کو دورہ پاکستان کی دعوت دے دی گئی۔

Courtesy gnn news