غداری کیFIR صرف حکومتی ایماء پر درج ہوسکتی ہے، شفقت محمود

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ غداری کیFIR صرف حکومت کی ایماء پردرج ہوسکتی ہے، سابق اٹارنی جنرل عرفان قادر نے کہا کہ نواز شریف اور ن لیگی رہنماؤں کیخلاف بغاوت کے الزام میں ایف آئی آر درج نہیں ہونی چاہئے تھی،پولیس میں ایف آئی آر درج کرنے والوں کو پاکستان کے آئین کا بھی ادراک ہونا چاہئے، میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اوربھارت میں بغاوت کامقدمہ بنانےکا سلسلہ تاحال جاری ہے ۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق بدر رشید بدمعاش آدمی اور مقدمات میں ملوث ہے، عقل نہیں مانتی کہ حکومت مقدمات درج کروانے کیلئے ایسے شخص کا انتخاب کرے گی، غداری کی ایف آئی آر صرف حکومت کی ایماء پر درج ہوسکتی ہے، کیا حکومت کو اس قانون کا

علم نہیں ہوگا، ایف آئی آر کوئی بھی شہری درج کرواسکتا ہے لیکن حکومت کی پیروی کے بغیر یہ مقدمہ آگے نہیں چلے گا، ایس ایچ او نے مقدمہ درج کر کے بیوقوفی کی اسے یہ درخواست ہوم ڈیپارٹمنٹ کو بھیجنی چاہئے تھی، اپوزیشن کی بات احمقانہ ہے کہ بغاوت کا مقدمہ حکومت نے درج کروایا ہے، حکومت نے مقدمہ درج کروانا ہوا تو ببانگ دہل درج کروائے گی۔ شفقت محمود کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے دور میں ہمارے خلاف دہشتگردی کے مقدمات بنے ان کا بھی شاہد خاقان عباسی سے پوچھیں، میں لاہور سے دو دفعہ الیکشن لڑا لیکن اس آدمی بدر رشید کا کبھی نام نہیں سنا، وزیراعظم درست کہتے ہیں نواز شریف اور ہندوستان کا بیانیہ ایک جیسا ہے، بھارت کا بیانیہ ہے پاکستان کی فوج ملک کو کنٹرول کرتی ہے یہی بیانیہ نواز شریف کا ہے، عمران خان کا کبھی ایسا بیانیہ نہیں رہا ہے۔شفقت محمود نے کہا کہ نواز شریف


جس طرح کی باتیں کررہے ہیں عمران خان نے کبھی نہیں کیں، اس وقت پاکستان میں آئین کی حکومت ہے، پی ٹی آئی ایک کروڑ 97لاکھ ووٹ لے کر حکومت میں ہے، جب مشرف کا زمانہ تھا تو نواز شریف باہر بھاگ گئے۔ شفقت محمود نے کہا کہ ہمارے فوجی جوان شہید ہورہے ہیں اور نواز شریف فوج پر اٹیک کررہا ہے، 2018ء کے الیکشن کے تین مہینے بعد سروے میں 82فیصد لوگوں نے انتخابات کو شفاف قرار دیا، ن لیگ نے این آر او لینے کیلئے آخری کوشش فیٹف قانون سازی کے دوران کی، انہوں نے نیب قانون میں 34ترامیم لانے کی کوشش کی جسے ہم نے قبول نہیں کیا۔ شفقت محمود کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے لندن میں بیٹھ کر انقلاب کا اعلان کردیا، پاکستان آکر انقلاب کا اعلان کریں، نواز شریف اپنے بچوں سمیت مے فیئر میں بیٹھے ہیں یہاں غریبوں کے بچوں کو لڑنے کا کہہ رہے ہیں۔