پہلی مسلم سپر ہیروخاتون سیریز کیلئے پاکستانی لڑکی منتخب

پہلی مسلم خاتون سپر ہیرو سیریز کے لیے پاکستانی نژاد کینیڈین لڑکی ایمان ویلانی کو منتخب کرلیا گیا ہے۔

آن لائن جریدے ڈیڈ لائن کے مطابق کینیڈا سے تعلق رکھنے والی ایمان ویلانی ڈزنی کی فلم اور سیریز میں سپر ہیرو مس مارول کا کردار ادا کریں گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کی ملٹی نیشنل کمپنی والٹ ڈزنی نے پاکستانی نژاد امریکی نوجوان لڑکی کے کردار پر مبنی فلم کے لیے اداکارہ کا انتخاب کر لیا ہے
امریکی کامک ’مس مارول‘ سیریز پر مبنی فلم کا کردار ’کمالہ خان‘ ایمان ویلانی نبھائیں گی۔

کمالہ خان ایک فکشن سپر ہیرو کا کردار ہے، مس مارول کامک سیریز کا کردار کمالہ خان پہلی مرتبہ 2014 میں منظر عام پر آیا تھا، کمالہ خان مس مارول سیریز کی پہلی مسلمان سپر ہیرو ہیں جن کا تعلق پاکستان سے دکھایا گیا ہے۔

فلم میں پاکستانی نژاد امریکی کمالہ خان کا تعلق ایسے خاندان سے دکھایا گیا ہے جو پاکستان سے امریکا منتقلی کے بعد ریاست نیو جرسی میں رہائش پذیر ہے۔

کمالہ خان کا کردار ایسی قدرتی صلاحیتوں کا مالک ہے جو اپنا حلیہ تبدیل کرتے ہوئے دنیا کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔

کمالہ خان کی کہانی ایسے کردار کی عکاسی کرتا ہے جو اپنی مسلمان شناخت اور ثقافت پر سمجھوتہ کیے بغیر مغربی معاشرے میں متوازن زندگی گزار رہا ہے۔

اب کمالہ خان کردار پر والٹ ڈزنی فلم بنانے جا رہا ہے جو اگلے سال 2021 میں ریلیز ہوگی۔ مزے کی بات ہے کہ یہ کردار ایک پاکستانی نژاد اداکارہ ہی نبھائیں گی