ہالا نیشنل ہائی وے پرمسلح افراد کا صحافیوں پر حملے میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کا مطالبہ

کراچی (پ ر)کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے صدر ریاض احمد ساگر،سیکرٹری محمد عارف خان اور مجلس عاملہ کے اراکین نے ہالا نیشنل ہائی وے پر نامعلوم مسلح افراد کا نیو سعیدآباد پریس کلب کے صدر قاسم قمبرانی سمیت دیگرسینئر صحافیوںپر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنے مذمتی بیان میں سیکرٹری محمد عارف خان نے کہا کہ کہ کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور ہالا نیشنل ہائی وے پرمسلح افراد کی جانب سے نیو سعیدآباد پریس کلب کے صدر قاسم قمبرانی،جنرل سیکرٹری ریاض کیریو،عبدالجبا رسولنگی،صحبت سہیل سمیت دیگرسینئر صحافیوں پرقاتلانہ حملے کو ایک غیر انسانی فعل سمجھتی ہے اور سندھ حکوت سے واقعہ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحافیوں پر حملے کے خلاف صحا فی برادری میں شدیدتشویش پایا جاتاہے ۔صحافیوں کو جان و مال کا تحفظ دینا اور ان کے لیے صحا فتی ذمے داریوں کی ادائیگی کے لیے محفوظ ماحول مہیا کرنا حکومت اور انتظامیہ کی ذمے داری ہے،پولیس ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دے حکومت صحافیوں کو مکمل سیکورٹی فراہم کرے۔

ہالا نیشنل ہائی وے پرقاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے صحافیوں کا کہنا ہے کہ ہم پرایک درجن سے زاید نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے ہمارے لوگوں کو زخمی کیا ہے،فائرنگ سے ہالا نیو سعیدآباد پریس کلب کے صدر قاسم قمبرانی کو تشویشناک حالت میں حیدرآباد اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

زخمی صحافی کامزید کہنا تھا کہ مسلح حملہ آور موٹر سائیکلوں پر سوار تھے انہوں نے ہم پر فائرنگ کرنے کے بعد بدترین تشدد کانشانہ بنایا اور نازیبا الفاظ استعمال کرتے رہیں۔