زمبابوے، نیوزی لینڈ کیخلاف اسکواڈ پر ابتدائی مشاورت مکمل

زمبابوے کے خلاف کرکٹ ہوم سیریز اور دورۂ نیوزی لینڈ کے لیے اسکواڈ کے حوالے سے ابتدائی مشاورت مکمل کر لی گئی ، آئندہ ہفتے کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دی جا سکتی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کی آئندہ ماہ سے انٹر نیشنل سرگرمیوں کا آغاز ہو رہا ہے جبکہ نومبر کے تیسرے ہفتے میں پاکستان شاہین کی بھی نیوزی لینڈ روانگی پاکستان ٹیم کے ساتھ ہی شیڈول ہے ۔

زمبابوے کیخلاف ہوم سیریز اور دورۂ نیوزی لینڈ کے لیے کھلاڑیوں کے ناموں کو آئندہ ہفتے حتمی شکل دیئے جانے کا امکان ہے اس حوالے سے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے ابتدائی مشاورت مکمل کر لی ہے
مصباح الحق نے صوبائی ایسوسی ایشنز کے کوچز کے ساتھ ابتدائی مشاورت ملتان میں کی اور اب ساتھی کوچز کے ساتھ مشاورت کے بعد آئندہ ہفتے ناموں کو حتمی شکل دی جا سکتی ہے۔

دورۂ نیوزی لینڈ کے لیے 35 کھلاڑیوں کو فائنل کیئے جانے کا امکان ہے، اسکواڈ میں پاکستان ٹیم اور پاکستان شاہین کے کھلاڑی شامل ہوں گے۔

زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا، عبداللہ شفیق، ذیشان ملک اور ذیشان اشرف کو اسکواڈ میں شامل کیا جائے گا جبکہ ون ڈے اسکواڈ میں ایک دو تبدیلیوں کا عندیہ مصباح الحق پہلے ہی دے چکے ہیں۔

پاکستان شاہین میں ٹاپ پرفارمرز کو شامل کیا جائے گا ، پاکستان شاہین نے نیوزی لینڈ میں 2 چار روزہ اور 6 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے ہیں جبکہ پاکستان ٹیم نے زمبابوے کے خلاف 3ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔

دورۂ نیوزی لینڈ میں پاکستان ٹیم 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی شیڈول سیریز کھیلے گی، جبکہ پاکستان ٹیم اور پاکستان شاہین کے کھلاڑی ایک دوسری ٹیموں کو دستیاب ہوں گے۔