حکومت کی ناقص پالیسیوں کے سبب ادویات کی قیمتوں میں 262 فیصد اضافہ ہوا‘ راشد ربانی

حکومت کی ناقص پالیسیوں کے سبب ادویات کی قیمتوں میں 262 فیصد اضافہ ہوا‘ راشد ربانی

سلیکٹڈ حکومت کام کا نصف حصہ بھی عوام اور ملک کی بھلائی کیلئے صرف کرتی تو آج معیشت اور عوام کا یہ حال نہیں ہوتا‘اقبال ساند‘ لالا رحیم


کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے نائب صدر و معاون خصوصی وزیراعلیٰ سندھ راشد حسین ربانی، ضلع شرقی کے صدر اقبال ساند اور قائم مقام جنرل سیکریٹری لالا عبدالرحیم نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی نالائق حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر کے غریب سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے ۔ حکومت کی ناقص حکمت عملی اور پالیسیوں کے سبب ادویات کی قیمتوں میں 262 فیصد اضافہ ہوچکا ہے‘ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کے اقتدار پر قابض ہونے کے بعد ملک دن بہ دن تباہی اور عوام خود کشیوں کی جانب گامزن ہے جبکہ اس ساری صورتحال میں پی ٹی آئی محض باتوں اور اپوزیشن کے ساتھ انتقامی کارروائیوں کی جانب توجہ مبذول کئے ہوئے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹیڈحکومت کو دو سال سے زائدکا عرصہ ہوچکا ہے مگر عوام کیلئے کوئی ایک مثبت پالیسی یا بھلائی کا کام نہیں کرسکی ہے جبکہ بائیس ماہ کے عرصے میں مہنگائی کی شرح کئی گناہ بڑھ چکی ہے غذائی اجناس سے لے کر جان بچانے والی ادویات عوام کی دسترس سے باہر ہوتی جارہی ہے اور مجال ہے اس ساری صورتحال پر پی ٹی آئی کی حکومت کے پاس کوئی جواب یا عوام کو ریلیف پہچانے کیلئے کوئی پلاننگ مرتب کی ہو ۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں اور سلیکٹڈ حکومت اپوزیشن کی آواز دبانے اور انتقامی کارروائیوں پر وقت صرف کررہی ہے اگر اس کا نصف حصہ بھی عوام اور ملک کی بھلائی کیلئے صرف کرتی تو آج معیشت اور عوام کا یہ حال نہیں ہوتا ۔