سینئر صحافی اور کراچی پریس کلب کے ممبر قیصر محمودکوڈیفنس فیز8 کے قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا

سینئر صحافی اور کراچی پریس کلب کے ممبر قیصر محمودکوڈیفنس فیز8 کے قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا
ان کی وفات سے شعبہ صحافت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے ،انہوں نے سیکڑوں صحافیوں کو اپنے تجربہ اور علم سے مستفید کیا، صدر/ سیکرٹری کراچی پریس کلب


کراچی(اسٹاف رپورٹر)سینئر صحافی اور کراچی پریس کلب کے ممبر قیصر محمود جمعرات کو کراچی میں انتقال کرگئے، ان کی نماز جنازہ جامع مسجد علی ڈیفنس فیز 6 میں ادا کی گئی ،جس میں سینئر صحافیوں اور مرحوم کے عزیز و اقارب نے شرکت کی۔ بعد ازاں انہیں ڈیفنس فیز8 کے قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا ۔ قیصر محمود گزشتہ دو ماہ سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے ۔ کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران سیکرٹری ارمان صابر و دیگر عہدیداران و گورننگ باڈی نے سینئر صحافی قیصر محمود کے انتقال پر گہرے ر نج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ تعزیتی پیغام میں کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے مرحوم کی صحافتی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے تمام زندگی صحافت کی آبیاری میں گزاری ۔ان کی وفات سے شعبہ صحافت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے ۔وہ کئی دہائیوں تک مختلف اداروں سے منسلک رہے اور سیکڑوں صحافیوں کو اپنے تجربہ اور علم سے مستفید کیا۔انہوں نے کہا کہ کراچی پریس کلب کے تمام ارکان اپنے سینئر رکن کی وفات پر ان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلی مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

عبدالرحمن
0321-2115504
سیکرٹری
پریس اینڈ پبلی کیشنز کمیٹی
کراچی پریس کلب