گورنر سندھ کی مرواہ کے والد سے تعزیت اس واقعہ میں ملوث مجرمان کو ہر حال میں کیفرکردار تک پہنچائیں گے، گورنر سندھ

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے عیسی نگری پہنچ کر زیادتی کے بعد قتل کی جانے والی معصوم بچی مرواہ کے والد سے تعزیت کی۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین، اراکین صوبائی اسمبلی حلیم عادل شیخ، خرم شیرزمان اور جمال صدیقی بھی گورنر سندھ کے ہمراہ تھے۔ گورنر سندھ نے ننھی مرواہ کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے مرواہ کے خاندان کے لیے 10 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا، اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بیٹی مرواہ کو بیدردی سے قتل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں ملوث بھیڑیوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وزیراعظم کی طرف سے مرواہ کے والد کو یقین دلایا ہے کہ قاتلوں کو سزا ضرور ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے گھناﺅنے جرائم میں ملوث مجرمان کو سزائے موت دینا ضروری ہے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ایسے درندوں کو سزا نہیں ملتی تو ان جیسے دوسروں کو شہ ملتی ہے اس لئے انہیں ہر حال میں کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔