سنجے دت کی اہلیہ کا شوہر کو حوصلہ

مہلک مرض پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا بالی ووڈ کے مقبول ترین اداکار سنجے دت کی اہلیہ مانیتا دت نے شوہر کو ایک جذباتی پوسٹ کے ذریعے حوصلہ دیا ہے۔

مانیتا دت نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر شوہر سنجے دت کی ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ کالا چشمہ لگائے اور ہاتھ باندھے کیمرے کے سامنے پوز دیتے دکھائی دے رہے ہیں
تصویر پوسٹ کرتے ہوئے مانیتا دت نے بتایا کہ زندگی کے اس مشکل مرحلے میں وہ اور ان کے اہل خانہ کس طرح متاثر ہورہے ہیں۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں مشہور فلمی گیت کے بول لکھے اور اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

رُک جانا نہیں تو، کہیں ہار کے

کانٹوں پہ چل کے ملیں گے سائے بہار کے

مانیتا دت نے لکھا کہ ’ہمیں اپنی زندگی کے برے دنوں کا سامنا کرکے ہی بہتر دنوں کو حاصل کرنا پڑتا ہے بس کبھی ہار نہیں ماننی چاہیئے۔
سنجے دت کی اہلیہ نے کچھ ہیش ٹیگز کا استعمال کرتے ہوئے بھی بتایا کہ وہ اور ان کی فیملی آزمائش کی گھڑی میں کس طرح مضبوطی اور ہمت و جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ساتھ کھڑے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سنجے دت کو تیسرے یا چوتھے درجے کے کینسر میں مبتلا ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں تھیں اور اب ان کے علاج سے متعلق خبریں ہیں کہ ان کی پہلی کیموتھراپی مکمل ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق پہلے سنجے دت نے علاج کے لیے امریکا جانے کا فیصلہ کیا تھا اور طبی بنیادوں پر 5 سال کے لیے امریکا کا ویزا حاصل کرلیا ہے بعدازاں انہوں نے اپنا علاج ممبئی کے کوکیلا بین اسپتال میں شروع کروالیا