دنیا میں کورونا سے آٹھ لاکھ 80 ہزار ہلاکتیں

آسٹریلیا میں کورونا کا پھیلاؤ جاری کے اور وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاست وکٹوریہ کے مرکزی شہر میلبرن میں سخت لاک ڈاؤن میں 28 ستمبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک دو کروڑ 70 لاکھ کے قریب افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ ہلاکتیں آٹھ لاکھ 80 ہزار سے بڑھ چکی ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق وکٹوریہ ریاست کے سربراہ ڈینئیل اینڈریوز نے اتوار کو بتایا کہ ’ہم اس وقت لاک ڈاؤن نہیں کھول سکتے کیونکہ ایسا کیا تو وبا قابو سے باہر ہو جائے گی۔

روئٹرز کے مطابق انڈیا میں اتوار کو 90 ہزار سے زائد نئے کیسز کا اضافہ ہوا جو وفاقی وزارت صحت کے مطابق یومیہ کیسز کا عالمی ریکارڈ ہے۔

انڈیا کی مختلف ریاستوں میں 24 گھنٹوں میں ایک ہزار 65 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد ملک میں کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 70 ہزار 626 ہو گئی ہے۔