نوازالدین صدیقی کی 20 سال پرانی خواہش پوری ہوگئی

بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار نوازالدین صدیقی کی فلم ڈائریکٹر سدھیر مشرا کے ساتھ کام کرنے کی 20 سالہ پرانی خواہش پوری ہوگئی۔

سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر ہندی میں ایک پیغام شیئر کرتے ہوئے انہوں نے مداحوں سے اپنا ایک پرانا واقعہ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ جلد ہی فلم ڈائریکٹر سدھیر مشرا کے ساتھ کام کریں گے جو ان کی دلی خواہش تھی۔

سدھیر مشرا کے ساتھ کام کرنے کی خواہش سے متعلق ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے اداکار نے لکھا کہ انہیں یاد ہے کہ جب 2000 میں فلم ’کلکتہ میل‘ کی شُوٹنگ کے دوران ایک اسِسٹنٹ ڈائریکٹر نے فلم کے ڈائریکٹر سدھیر مشرا سے ملوانے کا وعدہ کیا تھا۔
اداکار نے لکھا کہ ’اسِسٹنٹ ڈائریکٹر نے اُن کی خواہش سُن کر فلم کے سیٹ پر بلا لیا اور تاکید کی کہ آگے تب آنا جب میں ہاتھ اُٹھاؤں۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’میں دئیے گئے وقت کے مطابق فلم کے سیٹ پر پہنچا اور ہجوم میں منتظر تھا کہ کب وہ ہاتھ اٹھائیں اور میں سدھیر مشرا سے ملوں۔‘

نوازالدین صدیقی نے لکھا کہ ’تقریباً ایک گھنٹہ انتظار کرنے کے بعد اسِسٹنٹ ڈائریکٹر نے ہاتھ اُٹھایا اور میں بھیڑ میں سے گزرتا ہوا اُس کرسی تک پہنچ گیا، لیکن جب وہاں گیا تو جیسے ہی اسِسٹنٹ کی نظر مجھ پر پڑی تو اُس نے غصے سے پوچھا کہ کیا ہے؟
اداکار نے لکھا کہ ’میں نے جواباً کہا کہ آپ نے ہاتھ اٹھایا تو میں آگیا، جس پر اسِسٹنٹ نے بولا کہ میں نے کھجانے کے لیے ہاتھ اٹھایا تھا، واپس جاؤ اور جب دوبارہ ہاتھ اٹھاؤں تب آنا۔

نوازالدین صدیقی نے لکھا کہ ’وہاں سے بھگا دیے جانے کے بعد میں ہجوم میں واپس آگیا اور انتظار کرنے لگا کہ اسسٹنٹ مجھے کب بُلائے گا لیکن اسِسٹنٹ کا نہ تو ہاتھ کھجانے کیلئے اٹھا نہ بلانے کیلئے۔‘

یہ بھی پڑھیے: نوازالدین صدیقی رنگ گورا کرنا چاہتے تھے

انہوں نے کہا کہ اُس شام میں مایوس ہو کر ممبئی کی مصروف زندگی میں لگ گیا اور وہاں سب شوٹنگ میں مصروف ہوگئے لیکن اس دن کے بعد سے یہ خواب میرے ساتھ ہے کیونکہ اُس دن اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے تو اپنی کھجلی مٹالی لیکن سدھیر مشرا کے ساتھ کام کرنے کی میری کھجلی نہ مِٹی۔‘

اداکار نے انکشاف کیا کہ اب ان کا 20 سال بعد سدھیر مشرا کے ساتھ کام کرنے کا خواب پورا ہونے جارہا ہے۔

نوازالدین صدیقی اور سدھیر مشرا ساتھ کیا کرنے جارہے ہیں اس متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا