منیف قتل کیس – ملزم شاہ رخ اور ایک لڑکی گرفتار

کراچی کے علاقے کورنگی میں شہری منیف کے قتل کیس میں فائرنگ کرنے والے ملزم شارخ اور ایک لڑکی کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

واضح رہے کہ منیف کے قتل کے معاملے میں پولیس نے آج ہی ایک ملزم نعمان کو گرفتار کیا تھا، جبکہ فائرنگ کرنے والے شارخ کی تلاش جاری تھی۔

تاہم اب ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے فائرنگ کرنے والے ملزم شارخ کو بھی گرفتار کرلیا ہے جبکہ اس کی نشاندہی پر ایک لڑکی کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم شاہ رخ کو پولیس نے آج صبح ایسٹ زون سے گرفتار کیا۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ مقتول منیف کی گرفتار لڑکی سے دوستی تھی، جبکہ مقتول منیف گرفتار لڑکی کو بلیک میل بھی کر رہا تھا۔

ذرائع کے مطابق گرفتار لڑکی نے اپنے دوست شاہ رخ کو اس بارے میں بتایا۔

گرفتار لڑکی نے مقتول منیف کو فون کرکے اپنے گھر کے پاس بلایا جہاں ملزم شاہ رخ نے منیف کو قتل کیا اور اس کا موبائل فون لے کر فرار ہوگیا تھا۔

واضح رہے کہ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ملزم موٹر سائیکل چلا رہا ہے جبکہ پیچھے بیٹھے ملزم نے مقتول پر فائرنگ کی