پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملیر میں شدید بارشوں سے متاثر علاقوں کے دورے کے سلسلے میں سموں گوٹھ کا دورہ کیا

تفصیلات کچھ یوں ہیں’ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملیر میں شدید بارشوں سے متاثر علاقوں کے دورے کے سلسلے میں سموں گوٹھ کا دورہ کیا اور کہا کہ ان کا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے، مشکل گھڑی میں عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ اس موقعے پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھڑو، صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ، سعید غنی، وزیراعلیٰ کے معاونین خصوصی وقار مہدی اور راشد ربانی، مشیر مرتضیٰ وہاب، صوبائی وزیر فراز ڈیرو اور دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔ بارش متاثرہ علاقے کے دورے کے بعد بلاول بھٹو زرداری ملیر سے منتخب پارٹی ایم پی اے راجا عبدالرزاق کے گھر پہنچے، جہاں انہیں بارش کے باعث ہونے والے نقصان اور حکومت کی جانب سے متاثرین کی امداد و علاقہ کی بحالی کے متعلق بریفنگ دی گئی۔ ریلیف کے صوبائی وزیر فراز ڈیرو نے بھی پارٹی چیئرمین کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقعے پر وزیراعلیٰ سندھ اور صوبائی وزراء کو مخاطب ہوتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر وہ سمجھتے ہیں کہ نیشنل ڈزاسٹر مینجمینٹ (این ڈی ایم اے) مطلوبہ تعاون نہیں کر رہا تو بھی آپ کو متاثرہ علاقوں میں ریلیف اینڈ ریھبلیٹیشن کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کو ریلیف اور متاثرہ علاقوں کی ازسرِنو بحالی کے کام کے لیئے تمام دستیاب وسائل کو بلاتاخیر بروئے کار لایا جائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ قابلِ ستائش ہے کہ شدید بارشوں کے دوران وزیراعلیٰ سندھ اور صوبائی وزراء عوام کے درمیان موجود رہے، کیونکہ ہم مشکل وقت میں عوام کو اکیلا چھوڑنے والے نہیں ہیں۔ دریں اثناء، سموں گوٹھ میں بلاول بھٹو زرداری
کی ایک جھلک دیکھنے کے لیئے ہزاروں افراد جمع ہوگئے اور اُن کی گاڑی پر گلپاشی کرتے ہوئے، جیئے بھٹو، زندہ ہے بھٹو زندہ ہے، زندۃ ہے بی بی زندہ ہے، جیسے نعرے لگاتے رہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے وہاں جمع ہونے والے عوام اور متاثرینِ برسات سے مختصر خطاب بھی کیا اور کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی غریبوں کی پارٹی ہے، حکومتِ سندھ آپ کے ساتھ ہے۔