محمدحفیظ اور شاہین آفریدی کی ICC ٹی ٹونٹی رینکنگ میں ترقی

انگلینڈ کے خلاف تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز میں متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تجربہ کار بیٹسمین محمد حفیظ اور نوجوان فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی کی آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں ترقی ہوئی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 1-1 سے برابر رہنے کے سبب انگلینڈ اور پاکستان کی عالمی رینکنگ میں بالترتیب دوسری اور چوتھی پوزیشن بھی برقرار ہے۔

عالمی درجہ بندی میں آسٹریلیا 278 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، انگلینڈ 268 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، بھارت 266 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور پاکستان261 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

سیریز کے آخری دو میچوں میں 69 اور 86 ناٹ آؤٹ رنز کی اننگز کی بدولت مین آف دی سیریز کا ایوارڈ حاصل کرنے والے بیٹسمین محمد حفیظ 27 درجے ترقی پاکر ٹی ٹونٹی کرکٹ رینکنگ کے ٹاپ 50 بلے بازوں میں شامل ہوگئے ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ حالیہ رینکنگ میں محمد حفیظ 44ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، اس ترقی کے بعد وہ بابراعظم اور فخر زمان کے بعد عالمی رینکنگ کی فہرست میں پاکستان کے تیسرے بہترین بیٹسمین بن گئے ہیں۔

سیریز میں 56 اور 21 رنز کی اننگز کھیلنے والے بابراعظم بدستور ٹی ٹونٹی کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں سرفہرست بیٹسمین ہیں تاہم انہیں دس پوائنٹس کی کمی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

حالیہ رینکنگ میں 869 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان بابراعظم ایک روزہ کرکٹ رینکنگ میں تیسرے اور ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں بہترین بیٹسمین ہونے کے سبب اب بھی دنیا کے وہ واحد بیٹسمین ہیں جو تینوں طرز کی کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں ٹاپ 5 بلے بازوں میں شامل ہیں۔

اب بھی بابراعظم اورٹی ٹونٹی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود بھارت کے لوکیس راہول میں 45 پوائنٹس کا فرق ہےجبکہ آسٹریلیا کے ایرون فنچ 820 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

سیریز کے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں 36 اور تیسرے میں ایک رنز بناکر آؤٹ ہونے والے اوپنر فخر زمان عالمی رینکنگ میں 2 درجہ تنزلی کے بعد 23ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ شعیب ملک اور افتخار احمدنے بھی تنزلی کے بعد بالترتیب 49ویں اور 94ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ اپنے ڈیبیو میں نصف سنچری اسکور کرنے والے حیدر علی آئی سی سی کے 104 رکن ممالک کے کھلاڑیوں میں 747ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

کرکٹ کے سب سے محدود فارمیٹ میں باؤلنگ رینکنگ کی بات کی جائے تو شاہین شاہ آفریدی نے اپنے کیرئیر کی بہترین رینکنگ حاصل کرلی ہے۔

بائیں ہاتھ کے بالر 14 درجہ ترقی پاکر اب رینکنگ میں 20ویں پوزیشن پر آگئے ہیں، ان کے ہمراہ انگلینڈ کے ٹام کرن اور بھارت کے واشنگٹن سندر بھی بیسویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

سیریز میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے شاداب خان ایک درجہ ترقی پاکر اب رینکنگ میں آٹھویں بہترین بالر بن گئے ہیں۔

عالمی درجہ بندی میں ساتویں نمبر پر موجود ہم وطن عماد وسیم اور شاداب خان کے درمیان اب صرف 14 پوائنٹس کا فاصلہ رہ گیا ہے۔

محمد عامر آٹھ درجہ تنزلی کے بعد 40ویں جبکہ وہاب ریاض 18 درجہ ترقی کے ساتھ 107ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان پہلے، مجیب الرحمٰن دوسرے اور آسٹریلیا کے آشٹن آگار اور ایڈم زمپا تیسرے نمبر پر موجود ہیں