پاک انگلینڈ سیریز کا آخری ٹی ٹوئنٹی کل ہوگا، وہاب ریاض کی انٹری کا امکان

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کل مانچسٹر میں کھیلا جائے گا، جس کے لیے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کا امکان ہے۔

انگلش ٹیم کو دوسرے میچ میں پانچ وکٹ کی فتح کے ساتھ سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔

سیریز کے آخری میچ میں پاکستان ٹیم میں محمد عامر کی جگہ وہاب ریاض کی شمولیت کا امکان ہے
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔

دوسرے میچ میں ٹیم پاکستان نے چار وکٹ پر 195 رنز کا بڑا مجموعہ بورڈ پر سجایا۔

آل راؤنڈر محمد حفیظ نے 69 اور کپتان بابر اعظم نے 56 رنز کی اننگز کھیلی
تاہم جواب میں انگلش کپتان این مورگن، جونی بیرسٹو اور ڈیوڈ ملان کی دھواں دھار بیٹنگ نے میچ انگلینڈ کے نام کر دیا۔

مورگن 66، بیرسٹو 44 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ملان نے 54 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

قومی ٹیم اس ٹور پر ایک بھی میچ نہیں جیت سکی ہے جبکہ اس کے پاس اب سیریز کا صرف ایک ہی میچ باقی ہے
اس میچ کے لیے ٹیم پاکستان میں ایک تبدیلی کا امکان ہے جہاں ہیمسٹرنگ کے شکار محمد عامر کی جگہ وہاب ریاض کی فائنل الیون میں شمولیت متوقع ہے۔

تاہم فائنل الیون کا حتمی فیصلہ میچ سے قبل ہی کیا جائے گا۔

مانچسٹر میں ہونے والا آخری ٹی ٹوئنٹی میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات دس بجے شروع ہوگا۔