گورنرسندھ نے سی بی سی علاج ہسپتال میں لگائے گئے میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا 

کراچی ۔  گورنر سندھ عمران اسماعیل نے انصاف کمیونٹی ویلفیئر سوسائٹی کے تحت ڈی ایچ اے فیز ٹو میں واقع سی بی سی علاج ہسپتال میں لگائے جانے والے میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا ۔ گورنر سندھ نے کیمپ میں Ixpert اورiStoc کی جانب سے فراہم کردہ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ آلات کو دیکھا اور ان کے بارے میں آگاہی بھی حاصل کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر سمیا نے بتایا کہ کیمپ میں انفیکشن ڈیسیز اور دیگر امراض کے ٹیسٹ کئے جارہے ہیں جس میں ڈینگی، ملیریا، ٹی بی، ہیپاٹائٹس بی اور سی کی بھی تشخیص کی جارہی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ٹیسٹ کا ریزلٹ فوری طور پر موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے فراہم کیا جارہا ہے۔ کیمپ میں جن لوگوں کی بیماری تشخیص ہورہی ہے ان کا علاج سی بی سی علاج ہسپتال میں موجود ماہر ڈاکٹرز کی نگرانی میں کیا جائے گا۔ ڈاکٹر سمیا نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آئی ایکسپرٹ( iXpert) کی فراہم کردہ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ مشینوں کے ذریعے اب تک ڈینگی، ملیریا، ٹی بی، ہیپاٹائٹس بی اور سی میں مبتلا 2000 مریضوں کے ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں۔ گورنرسندھ نے کہا کہ مجھے جان کر خوشی ہوئی کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا میڈیکل کیمپ ہے جہاں بیماری تشخیص ہونے کی صورت میں فوری علاج بھی کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو صحت ، تعلیم سمیت زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے سندھ کے پانچ اضلاع میں انصاف ہیلتھ کارڈ کا اجراءکیا جس کے ذریعے کسی بھی اسپتال میں 7 لاکھ روپے سے زائد تک کے علاج معالجہ کی سہولت حاصل کی جاسکتی ہے اس کے ساتھ ساتھ اسپتالوں کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پولیو کے خاتمہ کے لئے جاری مہم سے حوصلہ افزا نتائج حاصل ہوئے ہیں اور بہت جلد پاکستان بھی پولیو فری ممالک کی فہرست میں شامل ہوجائے گا۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ عوام کی صحت اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے اور موجودہ وزیرا عظم کا عزم ہے کہ پاکستان کو مدینہ جیسی ریاست بنایا جائے جہاں عام آدمی کو بھی تمام بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر ہوں ۔ انہوں نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ غریب و ضرورت مند افراد کی داد رسی ممکن ہوسکے۔



اپنا تبصرہ بھیجیں