حفیظ کے نہلے پر مورگن کا دہلا، انگلینڈ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں کامیاب

انگلینڈ نے کپتان این مورگن کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان ٹیم کی جانب سے دیے گئے 196 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پہلے انگلینڈ کے اوپنرز نے قومی بولرز کی ایک نہ چلنے دی پھر کپتان این مورگن نے محمد حفیظ کے نہلے پر دہلا رکھ دیا۔

جونی بیئرسٹو اور ٹام بینٹن نے ٹیم کو برق رفتار آغاز فراہم کیا، اس وقت ایسا محسوس ہورہا تھا کہ انگلینڈ جلد میچ کو ختم کردے گا۔

تاہم شاداب خان نے بولنگ کا آغاز کرتے ہی 66 کے مجموعے پر دونوں انگلش اوپنرز کو مسلسل دو گیندوں پر آؤٹ کرکے حریف ٹیم کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

تاہم ایسے میں کپتان این مورگن نے ڈیوڈ ملان کے ساتھ مل کر سنچری پارٹنر شپ بنا کر ٹیم کیلئے جیت کی بنیاد رکھ دی۔

این مورگن اور ڈیوڈ ملان کے سامنے پاکستانی بولنگ اٹیک بے بسی کی دیوار بنا رہا اور گیندوں کو باؤنڈری کے باہر جاتے دیکھتا رہا۔

عماد وسیم سے لے کر حارث رؤف تک، ہر بولر کو انگلینڈ کے بیٹسمین نے چھکے رسید کیے۔

جب کپتان این مورگن 66 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر بڑا شاٹ کھیلتے ہوئے آؤٹ ہوئے تو اس وقت بہت دیر ہوچکی تھی اور مہمان ٹیم کو جیت کے لیے صرف 19 گیندوں پر 18 رنز درکار تھے۔

این مورگن کے بعد ڈیوڈ ملان نے بھی اپنی نصف سنچری مکمل کی اور ٹیم کو میچ میں کامیابی دلوائی۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان 3 وکٹیں لے کر نمایاں رہے، حارث رؤف بھی 2 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے۔

قبل ازیں محمد حفیظ کے 69 اور کپتان بابر اعظم کے 56 رنز کی بدولت پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 196 رنز کا ہدف دیا تھا۔

اس فتح کے ساتھ ہی انگلینڈ کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی جبکہ سیریز کا ایک میچ ہونا باقی ہے