دوسرا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان کا انگلینڈ کو جیت کیلئے 196 رنز کا ہدف

پاکستان ٹیم نے سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ کو جیت کے لیے 196 رنز کا ہدف دیدیا۔

مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ میں جاری سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر قومی ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

اننگز کے آغاز میں کپتان بابر اعظم اور فخر زمان نے بڑے اسکور کی بنیاد رکھتے ہوئے 72 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

فخر زمان 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو تجربہ کار محمد حفیظ نے کپتان کا ساتھ نبھایا۔

بابر اعظم اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 56 رنز بناکر عادل رشید کا شکار بنے تو دوسری جانب محمد حفیظ نے اپنی جارحانہ اننگز جاری رکھی۔

محمد حفیظ نے36 گیندوں پر 69 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو 195 رنز کے ٹوٹل پر پہنچادیا۔

انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید دو جبکہ ٹام کرن اور کرس جورڈن ایک ایک وکٹ لے کر نمایاں رہے۔

ٹاس کے موقع پر کپتان بابر اعظم نے بتایا تھا کہ پچھلے میچ کی ہی ٹیم کو برقرار رکھتے ہوئے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو پہلے بولنگ ہی کرتے، تاہم اب پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بڑا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے۔

وہاب ریاض کو ٹیم میں شامل کرنے کے سوال کے جواب میں بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ان کی شمولیت سے ایک وقت میں تین بائیں ہاتھ کے بولرز ٹیم میں آجاتے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس سلسلے میں پہلے سے ہی پلان بنایا ہوا ہے، بولرز کا کمبینیشن بنا ہوا ہے۔

واضح رہے کہ سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا