کراچی: سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے آرمی فلڈ ایمرجنسی کنٹرول سینٹر قائم

کراچی میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے آرمی فلڈ ایمرجنسی کنٹرول سینٹر قائم کردیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروس پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ کراچی اور سندھ کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید بارشوں سے شہر کے کئی علاقے زیر آب آ گئے ہیں

ترجمان پاک فوج کے مطابق بارش کے پانی کے باعث کئی علاقوں میں لوگ محصور ہوگئے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کراچی میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے آرمی فلڈ ایمرجنسی کنٹرول سینٹر قائم کردیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ کراچی کے علاقوں گلبرگ، لیاقت آباد اور نیو کراچی میں میڈیکل کیمپ بھی قائم کردیا گیا ہے۔

کراچی میں جاری امدادی کاموں سے متعلق آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کراچی میں 36 مقامات پر نکاسی آب کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ناردرن بائی پاس کے قریب ایم نائن پر بند کو محفوظ کر دیا گیا جبکہ فوجی جوانوں نے قائد آباد کے قریب ملیر ندی کا شگاف بھی پُر کر دیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک نیوی کے غوطہ خوروں نے شاہ فیصل ٹاؤن اور کورنگی سے 2 لاشیں نکالی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی انجنئیرز اور نیوی کی ٹیمیں متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں۔