وزیراعظم کی کراچی کے شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے تمام وفاقی اداروں کو کراچی کے شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیےگئے پیغام میں شہباز گل کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے احکامات جاری کیے ہیں کہ وفاقی ادارے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں، کراچی اور اس کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے

شہباز گل نے یہ بھی تحریر کیا کہ وزیراعظم نے پاک فوج اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے شہر قائد کو اس مشکل صورت حال سے نکالنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف بھی کی

خیال رہے کہ کراچی میں بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں اور متعدد شاہراہیں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر کراچی کور بارش سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کر رہی ہے۔

پاکستان کےمعاشی حب میں موسلادھار بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔ ذرائع آمدو رفت اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مون سون کے چھٹے اور طوفانی اسپیل نے کراچی کو پھر دریا بنادیا ہے۔ لٹھ اور تھڈو ڈیم اوور فلو ہو گئے ہیں۔

ناردرن بائی پاس اور ملیر ندی میں شدید سیلابی صورتحال ہے اور سہراب گوٹھ کے قریب لیاری ندی اوورفلو ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بارش کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی بھی معطل

کاز وے کی سڑک برساتی پانی بہاکر لے گیا اور وہاں لگے بجلی کے پول بھی سڑک پر گر گئے ہیں۔ کاز وے تاحال ٹریفک کیلئے بند ہے۔ گزشتہ دو روز سے کورنگی ندی کا پانی کاز وے سے گزر رہا تھا جس کے ساتھ سڑک بھی بہہ گئی ہے۔