امریکی یوٹیوب اسٹار 19برس کی عمر میں چل بسا

امریکی یوٹیوب اسٹار لینڈن کلیفورڈ 19سال کی عمر میں جہانِ فانی سے کوچ کرگئے۔

یوٹیوب چینل کیم اینڈ فیم کے بانی لینڈن کلیفورڈ نے دماغی چوٹ لگنے سے گزشتہ روز اسپتال کے بستر پر آخری سانس لی۔

لینڈن کلیفورڈ کی اہلیہ کیمرئن کلیفورڈ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اسپتال میں لی گئی آخری تصویر شیئر کرتے ہوئے لینڈن کی موت کے حوالے سے مداحوں کو آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ لینڈن چھ دن کومہ میں رہنے کے بعد دنیا چھوڑ کر چلا گیا، اہلیہ نے بتایا کہ کومہ میں جانے سے قبل آخری دن لینڈن نے ایک بہترین والد اور ایک خیال رکھنے والے شوہر کی حیثیت سے بہترین گزارا۔

کیمرئن کلیفورڈ نے بتایا کہ کلیفورڈ نے اپنے جسم کے مختلف اعضاء ضرورتمند لوگوں کو عطیہ کرنے کی وصیت کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ لینڈن کی واحد خواہش یہ تھی کہ وہ اپنی بیٹیوں کو پہلی بار چلتا ہوا دیکھیں۔

یاد رہے کہ اس کم عمر جوڑے کی مئی میں جڑواں بیٹیاں ہوئی تھیں، لینڈن اپنے یوٹیوب چینل پر نوجوانی میں باپ بننے کے تجربات اور احساسات پر مبنی ویڈیوز شیئر کرتے تھے جسے صارفین بڑی تعداد میں ناصرف دیکھتے تھے بلکہ پسند بھی کرتے تھے