اندرون سندھ بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، این ڈی ایم اے

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ اندرون سندھ مسلسل بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق اندرون سندھ گزشتہ 36سے 48گھنٹے کی مسلسل بارش کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے
ترجمان کے مطابق شدید بارشوں سے کراچی، بدین، ٹھٹھہ، مٹھی، دادو اور حیدرآباد کے متعدد علاقے متاثر ہوئے ہیں۔

بارش سے متاثرہ علاقوں میں سول انتظامیہ بشمول دیگر حکومتی ادارے امدادی کاروائیوں میں مصروف ہیں۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں سے متاثر ہونے والے علاقوں میں لائف جیکٹس اور کشتیاں فراہم کر دی گئی ہیں
ترجمان کے مطابق محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے، ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات جاری کردی گئیں۔

دوسری طرف وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے بھر میں مسلسل بارشوں سے پیدا صورتحال کے باعث رین ایمرجنسی کا اعلان کردیا ہے اور سرکاری ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں