سیف علی خان کی سوانح عمری آئندہ برس اکتوبر میں شائع ہوگی

بالی ووڈ کے مشہور اداکار اور پروڈیوسر سیف علی خان اپنے خاندان، گھر، اپنی کامیابیوں اور ناکامیوں کے بارے میں جلد اپنی ایک سوانح عمری کا آغاز کرنے والے ہیں جوکہ آئندہ برس یعنی اکتوبر 2021 میں شائع ہوگی۔

یہ اعلان پبلشر ہارپر کولنز انڈیا نے آج کیا۔ اس سلسلے میں ایک بیان میں سیف علی خان نے کہا کہ یہ بڑی اچھی بات ہے کہ ہم پیچھے مڑ کر دیکھیں، اور چیزوں کو ریکارڈ کرلیں، اس سے قبل کہ یہ چیزیں وقت گزرنے کے ساتھ کہیں گم ہوجائیں۔

ادھر پبلشر کا کہنا ہے کہ اس سوانح عمری میں سیف علی خان کے حوالے سے کوئی چیز پوشیدہ نہیں رکھی جائے گی، اور اس میں ان کی حاضر جوابی، مزاح پر مبنی انداز میں ان کے خاندان، گھر، ان کی کامیابیوں و ناکامیوں اور فلمی زندگی سب کچھ شامل ہوگا۔

سیف علی خان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اگر بروقت چیزوں کو ریکارڈ نہ کریں یا یاد نہ رکھیں تو وقت گزرنے کے ساتھ اس میں کافی تبدیلی آجاتی ہے
گو کہ یہ کچھ عجیب بات یا پھر کچھ خودغرضانہ کوشش بھی ہوسکتی ہے لیکن مجھے امید ہے کہ اس کتاب سے دیگر لوگ لطف اندوز ہوں گے۔

ہارپر کولنز انڈیا کی کمیشننگ ایڈیٹر بشریٰ احمد نے اس حوالے سے کہا کہ یہ سوانح عمری ان کی شخیصیت کی پرمزاح اور شوخ پہلو کی عکاس ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ عصر حاضر میں سیف علی خان ان چند گنے چنے اداکاروں میں شامل ہیں جوکہ خاموش طبع اور اچھا علمی پس منظر رکھتے ہیں، انڈسٹری میں اب اس قسم کے لوگ خال خال ہی موجود ہیں۔