سندھ میں واقع تھاڈو ڈیم اوور فلو ہوگیا، شگاف بھی پڑ گیا ڈیم کا پانی آس پاس کے علاقوں میں داخل ہونے لگا، تباہی مچنے کا خدشہ

سندھ میں واقع تھاڈو ڈیم اوور فلو ہوگیا، شگاف بھی پڑ گیا، ڈیم کا پانی آس پاس کے علاقوں میں داخل ہونے لگا، تباہی مچنے کا خدشہ، متعلقہ حکام فوری حرکت میں آگئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں جاری طوفانی مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جاری مون سون بارشوں کی وجہ سے کراچی کے قریب واقع تھاڈو ڈیم کو نقصان پہنچا ہے۔
تھاڈو ڈیم میں مسلسل بارش اور پانی کے دباو کی وجہ سے شگاف پڑ گیا ہے۔ جبکہ ڈیم اوور فلو ہونے کی وجہ سے پانی اب آس پاس کے علاقوں میں داخل ہونے لگا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس تمام صورتحال میں متعلقہ حکام فوری ایکشن میں آگئے ہیں۔ کوشش کی جا رہی ہے کہ تھاڈو ڈیم کو پہنچنے والے نقصان کی وجہ سے کسی بھی آبادی کو نقصان نہ پہنچے۔


دوسری جانب سے مسلسل کئی روز سے جاری مون سون بارشوں کے سلسلے نے کراچی سمیت سندھ کے کئی شہروں میں نظام زندگی مکمل طور پر مفلوج کر دیا ہے۔

اس تمام صورتحال میں سندھ بھر میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، تمام متعلقہ اداروں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ جبکہ ترجمان این ڈی ایم نےبتایا ہے کہ سندھ میں گزشتہ36سے 48گھنٹے کی مسلسل بارش سے کراچی، بدین، ٹھٹھہ، مٹھی، دادو اور حیدرآباد کے متعدد علاقے متاثرہوئے،متاثرہ علاقوں میں سول انتظامیہ بشمول دیگر حکومتی ادارے امدادی کاروائیوں میں مصروف ہیں۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق متاثرہ علاقوں میں لائف جیکٹس اور کشتیاں فراہم کر دی گئیں۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 48گھنٹوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں

urdupoint-report