پہلا ٹیسٹ ، انگلینڈ کی بساط 219 رنز پر سمٹ گئی یاسر شاہ کے 4 شکار

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان مانچسٹر میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کا کھیل جاری ہے۔ پاکستان کے خلاف سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں واقع اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا جارہا ہے۔ انگلینڈ نے تیسرے روز 4 وکٹ پر 92 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔ اولی پوپ اور جوز بٹلر نے اپنی اننگز کا آغاز کیا، اولی پوپ نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی تاہم نسیم شاہ نے ان کی مزاحمت کو 62 رنز پر ختم کردیا۔
اولے پوپ کے پویلین واپس جانے کے بعد وکٹ کیپر بیٹسمین جوز بٹلر نے پاکستانی بولروں کو خوب پریشان کیے رکھا تاہم یاسر شاہ نے 38 رنز پر ان کی اننگز کا خاتمہ کیا جس کے بعد ڈومینک بیس میدان میں آئے اور صرف ایک رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔
اس سے قبل پاکستان شان مسعود کی ریکارڈ ساز اننگز کی بدولت پہلی اننگز میں 326 رنز بنانے میں کامیاب رہا۔

شان مسعود 156 اور بابراعظم 69 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی جانب سے اسٹورٹ براڈ اور جوفرا آرچر نے 3،3 جب کہ کرس ووکس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ دوسرے روز کے اختتام پر پاکستانی بولروں نے شاندار آغاز کرتے ہوئے انگلش بلے بازوں کی ایک نہ چلنے دی اور 92 رنز پر ان کے 4 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیج دیا۔ ڈوم سبلی 8، روری برنز 4، بین سٹوکس صفر جب کہ کپتان جو روٹ 14 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
پاکستانی ٹیم اظہرعلی کی قیادت میں عابد علی، شان مسعود، بابراعظم، اسد شفیق، محمد رضوان، شاداب خان، یاسر شاہ، محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ پر مشتمل ہے۔ انگلش ٹیم کی قیادت جو روٹ کر رہے ہیں جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈوم سبلی، روری برنز، بین سٹوکس، اولی پوپ، جوز بٹلر، ڈومینک بیس، سٹورٹ براڈ، کرس ووکس، جوفرا آرچر اور جیمز اینڈرسن شامل ہیں۔