وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ شہر میں نالوں پر جو غیر قانونی تعمیرات ہیں

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ  نے کہا کہ شہر میں نالوں پر جو  غیر قانونی تعمیرات  ہیں اُن کی فہرست بنائی جائیں  اور  میں تمام  38 نالوں  کا خود دورہ کروں گا اور صفائی  کے کاموں کا جائزہ لوں گا۔ انہوں نے یہ بات  آج وزیراعلیٰ ہائوس میں رین ایمرجنسی  کے حوالے سے منعقدہ  ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں  وزیر محنت سعید غنی ، وزیر بلدیات ناصر شاہ،  وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر  مرتضیٰ وہاب ، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ،  میئر کراچی وسیم اختر ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، کمشنر کراچی  افتخار شہلوانی ، ایم ڈی  ایس ایس ڈبلیو  ایم اے کاشف گلزار ، پی ڈی  کلک  زبیر چنا،  ایم ڈی واٹر بورڈ  خالد شیخ،  کے ایم سی کے مسعود  علی رضوی اور دیگر نے شرکت کی ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے  بتایا گیا کہ گزشتہ روز سے لے کر اب تک  سب سے زیادہ پی اے ایف فیصل بیس پر  94 ایم ایم بارش  ہوئی۔اس کے بعد سرجانی  72 ایم ایم ، صدر 70 ایم ایم ، اولڈ ائیر پورٹ  ایریا  67ا یم ایم ، یونیورسٹی روڈ  54 ایم ایم ،گلشن حدید  52 ایم ایم ، لانڈھی 43.6 ایم ایم، ناظم آباد 39.5 ایم ایم ، پی اے ایف مسعود  بیس 39 ایم ایم بارش ہوئی۔وزیربلدیات  ناصر شاہ  نے  اجلاس  کو بتایا کہ شہر میں موجود  کچھ چوکنگ پوائنٹس  سے پانی  نکالا گیا ہے۔انہوں نے  وزیراعلیٰ سندھ  کو بتایا کہ سندھ حکومت کے ایم سی  کے 35 بڑے نالے صاف کر رہی ہے جبکہ تین نالوں کی صفائی این ڈی ایم اے کر رہی ہے  اور سونگل نالہ 70 فیصد ، پہلوان گوٹھ نالہ 80 فیصد، ہارون آباد نالہ 90 فیصد  اور مہران  کٹ نالہ  70 فیصد  صاف  کیا جا چکا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ نالوں سے  اب تک 4.37 ملین  کیوبک فٹ  کچرا اٹھا یا جا چکا ہے ۔وزیراعلیٰ سندھ نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ کراچی شہر میں جاری شدید بارشوں کے دوران الرٹ رہیں اور بالخصوص  نشیبی علاقوں اور وہ مقامات جہاں پانی کھڑے ہونے کی شکایات ہیں پر خاص توجہ دیں  اور ان تمام مقامات پرپمپنگ مشینوں اور جنریٹرز کی دستیابی کو یقینی بنایاجائےتاکہ بارش کے جمع ہونے والے پانی کی فوری نکاسی کی جاسکے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد  علی شاہ نے لوکل  گورنمنٹ، ایس ایس ڈبلیو  ایم اے ، کلک ، کے ایم سی اور ڈی ایم سیز  کی کارکردگی  کی تعریف  کی۔انہوں نے کہا کہ بارشوں کے دوران  اچھا کام ہواہے اور میں چاہتا ہوں کہ  آپ سب مل کر کام کریں  اور  مزید بہتر کام  کریں۔میئر کراچی نے کہا کہ ایس ایس ڈبلیو ایم اے  نے منتخب  لوکل باڈیز  نمائندوں  کو کام میں  مصروف رکھا ، جس کی وجہ  سے آلائشیں اٹھانے کا کام بہترین طریقے سے ہوا۔ میئر نے کہا کہ عوام نے  آلائشیں  اٹھانے ، اور بارش  کے پانی کی فوری نکاسی کے کام کو سراہا ہے۔ عبدالرشید چنا میڈیا کنسلٹنٹ، وزیراعلیٰ سندھ