میڈیا ورکرز آج مشکل ترین دور سے گذر رہے ہیں

کراچی( سٹی نیوز) میڈیا ورکرز آج جس مشکل ترین دور سے گذر رہے ہیں اس کی نظیر ماضی میں نہیں ملتی۔ بڑے پیمانے پر میڈیا ہائوسز سے صحافیوں کو نکالے جانے کے باعث ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوچکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار نوائے وقت کے سٹی ایڈیٹر نعیم اختر نے یونائیٹڈ سندھ پریس کلب (یو ایس پی سی) کی نیو کراچی میں عید ملن اپنے ا عزاز میں دیئے گئے عصرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نعیم اختر نے مزید کہا کہ صحافیوں اور صحافی تنظیموں کے متحد نہ ہونے سے صحافیوں کے حالات بد سے بدتر ہوتے جارہے ہیں۔ صحافیوں اور صحافتی تنظیموں کو صحافیوں کے بہتر مفاد میں متحد ہونا ہوگا ہمیں ذاتی مفادات کی سیاست ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دفن کرنا ہوگی۔ انہوں نے یو ایس پی سی کے قیام کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اس پلیٹ فارم سے سندھ کے صحافیوں کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ انہوںنے کہا کہ صحافت حق و سچ کی زبان بہت پر خطر اور پر اثرشعبہ ہے اگر صحافی اپنے قلم سے حق اور سچ کی بات لکھیں تو ایک مضبوط اور مثبت معاشرہ ہمارے سامنے ہوگا اور انصاف کا بول بالا ہو گا عصرانے میں چیئرمین امجد بوبی۔صدر آصف حمید۔سینئر نائب صدر خلیل گجر‘نائب صدر وزیر علی مری‘ممبر گورننگ باڈی اعجاز آرائیں‘زاہد رک‘ دانیال رشید‘ڈاکٹر حسن خان‘زاہد آفریدی و دیگر شریک تھے۔ اس موقع پر چیئرمین امجد بوبی نے نوجوان صحافیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔