وزیر اعلیٰ سندھ کا شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر پیغام

کراچی ۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 40 ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو فخر ایشیاء عالم اسلام اور دنیا کے ایک بڑے معتبر اور جہاندیدہ سیاستدان تھے اور وہ ایک بین الاقوامی سطح کے رہنما تھے جن کا پاکستان کی سیاست میں ایک اہم کردار رہا ہے اور ان کی شخصیت کے بارے میں جتنا لکھا جائے اور کہا جائے وہ کم ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی جمہوریت کے لئے خدمات اور قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے تیسری دنیا کے عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے نئی راہیں متعین کیں۔ انہوں نے غربت اور افلاس کے خاتمے کیلئے روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ عوام کو دیا اور سیاست کو ڈرائنگ روموں سے نکال کر میدانوں میں لائے۔ انہوں نے عوام کو ایک نئی پہچان اور سوچ دی جس کے باعث مزدور طبقہ میں اپنے حقوق کے حصول کا جذبہ اور شعور بیدار ہوا۔ انہوں نے قوم کو پہلا عبوری دستور دیا اور بعد میں ایک متفقہ آئین دیا جس پر تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہوں نے دستخط کئے ان کا یہ کارنامہ ملکی سیاسی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہاکہ ملک میں انقلابی اقدامات شہید بھٹو کی عظیم پالیسیوں کا حصہ ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور اسکے علاوہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کی داغ بیل بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ڈالی جس کی بدولت آج پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے۔ پاکستان اسٹیل مل ، پورٹ قاسم کا قیام سمیت متعدد ترقیاتی کام انجام دیئے جن کی بدولت پوری دنیا میں پاکستان کی ساکھ بہتر ہوئی ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے انقلابی اقدامات اور سوچ کی وجہ سے مخالفین نے انہیں اپنے راستے سے ہٹانے کی منصوبہ بندی کی اور 5 جولائی 1977 ء میں ایک فوجی آمرنے شب خون مارکر اس عظیم قائد کی حکومت کا تختہ الٹ کر غاصبانہ طریقے سے حکومت پر قبضہ کرلیا اور بعد ازاں اس عظیم ہستی اور عالمی پائے کے سیاستدان و رہنما کو ایک جھوٹے مقدمے میں سزا دیکر شہید کردیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بھٹو شہید آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، شہید بھٹو کے تخیل، پروگرام اور محترمہ شہید بینظیر بھٹو کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو ایک خوشحال ملک بنانے اور پاکستان کے لوگوں کے مسائل کو حل کرنے، روٹی، کپڑا اور مکان کی فراہمی، بیروزگاری کے خاتمے اور پاکستان کو متحد، منظم، مستعد اور مضبوط بنانے کے لئے شب و روزکوشاں ہیں ،انشاءاللہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے شہید رہنما قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کی فکر، نظریات، اور منشور پر عمل کر کے ملک کو عظیم ملک بنائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں