پاکستان ریڈ کریسنٹ سندھ کاکرونا وائرس اور لاک ڈاؤن متاثرین کو مالی امداد

پاکستان ریڈ کریسنٹ سندھ کاکرونا وائرس اور لاک ڈاؤن متاثرین کو مالی امداد
ابتدائی طور پر کراچی کے 200خاندانوں میں 31لاکھ 50ہزار روپے کی نقد امدادتقسیم کی گئی

کراچی (پ ر) پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی( پی آرسی ایس) کی سندھ صوبائی شاخ نے کرونا وائرس کی وبائی صورتحال سے کراچی کے متاثرہ افراد کے لیے 31لاکھ سے زائد کے ایمرجنسی کیش گرانٹ کا آغاز کیا ہے۔ پہلے مرحلے میں اورنگی ٹاؤن کے الاقصیٰ کالونی اور ملیر کے ریڑھی گوٹھ میں وبائی صورتحال کے باعث روزگار سے محروم 200 خاندانوں میں 15ہزار 750روپے فی خاندان کی نقد امداد تقسیم کی گئی ہے۔ اس حوالے سے پاکستان ریڈ کریسنٹ سندھ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں واضح کیا گیا کہ مذکورہ پروگرام کے تحت ملک بھر میں پاکستان ریڈ کریسنٹ متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کررہا ہے جس میں کراچی کے ایسے علاقوں کا انتخاب کیا گیا جہا ں کے رہائشی زیادہ تر مزدورکارطبقہ ہے جنہیں کرونا وباء کے باعث لاک ڈاؤن نے شدید طور پر متاثر کیا ہے، منصوبے پرعملدرآمد کے لیے متاثرہ خاندانوں کے تمام کوائف حاصل کیے گئے تھے۔جس کے بعد پروگرام میں شفافیت کا عنصر برقرار رکھنے کے لیے، حاصل کیے گئے کوائف کی جانچ پڑتال کی گئی۔ پاکستان ریڈ کریسنٹ، سندھ کی چیئرمین شہناز ایس حامد کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی وباء کی وجہ سے پاکستان اپنی تاریخ کے نازک دور سے گزر رہا ہے، جس نے یومیہ اجرت کمانے اور مزدور طبقے کوسب سے زیادہ متاثر کیا ہے۔ پاکستان ریڈ کریسنٹ نے اس ہنگامی صورتحال میں پہلے راشن کی فراہمی، پھر مفت کرونا ٹیسٹ اور اب کرونا وائرس اور لاک ڈاؤن سے متاثرہ خاندانوں کو مالی امدادفراہم کی ہے۔انہوں نے کرونا وائرس کی وباء کے خلاف اس مہم میں ان تمام مخیر حضرات اور اداروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنے عطیات پاکستان ریڈ کریسنٹ کو دیکر متاثرہ خاندانوں کی مدد کی۔ چیئرمین شہناز ایس حامد نے مزید کہا کے پاکستان ریڈ کریسنٹ انسانیت کی خدمت کایہ سلسلہ جاری رکھے گا اومخیر حضرات سے اس طرح کی کوششوں میں پاکستان ریڈ کریسنٹ سے بھرپور تعاون کرنے کی درخواست بھی کی۔

####################

English Caption:
The staff of Pakistan Red Crescent Society-Sindh is distributing cash grants of Rs. 15,750 per family to 200 families affected by Coronavirus and lockdown

اردو کیپشن

پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کا عملہ کرونا وائرس اور لاک ڈاؤن سے متاثرہ 200 خاندانوں میں 15ہزار 750روپے فی خاندان کی نقد امداد تقسیم کرتے ہوے