ڈاکٹروں نے کورونا کے باعث گھر سے باہر نکلنے سے روکا ہے

مسلم لیگ نون کے قائد میاں محمد نواز شریف کی تازہ میڈیکل رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں پیش کردی گئی، سابق وزیر اعظم پلیٹ لیٹس، شوگر، دل، گردے اور ہائی بلڈ پریشر کے امراض میں مبتلا ہیں، ڈاکٹروں نے کورونا کے باعث گھر سے باہر نکلنے سے روکا ہے۔

نوز شریف کے وکیل امجد پرویز نے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس رجسٹرار آفس میں جمع کروائیں جس کے مطابق ڈاکٹرز کی جانب سے سابق وزیر اعظم کو کورونا وائرس کے باعث گھر سے باہر نکلنے سے روکا گیا ہے۔

میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف پلیٹ لیٹس، شوگر، دل، گردے،ہائی بلڈ پریشر کے امراض میں مبتلا ہیں،کورونا کے دوران باہر نکلنا جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔

ڈاکٹرز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کورونا کے دوران نواز شریف کو انتہائی محتاط رہنے کی ضرورت ہے، ڈاکٹرز نواز شریف کی صحت سے ہر وقت آگاہ ہیں،ان کے دل کو خون کی مناسب سپلائی نہیں ہو رہی ہے۔

امجد پرویز ایڈووکیٹ نے بتایا کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کو 4 دسمبر، 15 دسمبر 2019ء کو بھی عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنایا جا چکا ہے، جبکہ اس سال 13 جنوری، 12 فروری، 18 مارچ اور 28 اپریل2020 ءکو بھی نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس ہائیکورٹ میں جمع کروائی جا چکی ہیں