علی ظفر کی مالی مشکلات کا شکار آرٹسٹ کیلئے مدد کی اپیل

پاکستان کے معروف اداکار و گلوکار علی ظفر نے عالمی وبا کورونا کے باعث مالی مشکلات کا شکار فنکاروں اور ٹیکنیشنز کی مدد کی اپیل کردی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے علی ظفر نے مداحوں سے اپیل کی کہ عالمگیر وبا کورونا کے باعث فنکار، موسیقار اور ٹیکنیشنز مالی مشکلات کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فنکاروں پر اس وقت سنیما اور دیگر جگہوں کے بند ہونے کی وجہ سے مشکل حالات ہیں، ہمارا ایسے موقع پر فرض بنتا ہے کہ ہم ان کیلئے کچھ کریں
انہوں نے بتایا کہ علی ظفر فاؤنڈیشن نے اب تک 700 خاندانوں کی مدد کی ہے اور مزید بھی جاری ہے۔

گلوکار نےسوشل میڈیا صارفین سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس نیک کام کیلئے آپ بھی آگے آئیں اور ہمارا ساتھ دیں۔

علی ظفر نے بتایا کہ مالی مشکلات کا شکار تھیٹر اور ایسے ہی دوسرے مقامات سے تعلق رکھنے والوں کو راشن سمیت کیش بھی فراہم کیا جارہا ہے۔

گلوکار نے کہا کہ اس وقت مشکل حالات کا شکار ہماری زندگیوں میں رنگ بھرتے آئے ہیں اب ہماری باری ہے کہ ہم ان کیلئے کچھ کریں
علی ظفر کے اس اقدام کو شعیب اختر نے بھی خوب سراہا، گلوکار کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ علی ظفر فاؤنڈیشن کیلئے دل کھول کر عطیہ کریں