’دل بیچارہ‘ کے گلوکاروں کا سوشانت کو خراج عقیدت

گزشتہ ماہ خودکشی کرنے والے بھارتی اداکار سوشانت سنگھ کی آخری فلم ’دل بیچارہ‘ کے گلوکاروں کی جانب سے اُنہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

سوشانت سنگھ راجپوت کی آخری فلم ’دل بیچارہ‘ کی میوزکل ٹیم بشمول اے آر رحمٰن، سنیدھی چوہان، شریہ گھوشال، موہت چوہان، جونیتا گاندھی، ہریدے گٹانی اور شاشا تروپتی نے ورچوئل کنسرٹ کے ذریعے اداکار کو خراج عقیدت پیش کیا ہے جس کی ویڈیو یوٹیوب پر اپ لوڈ کردی گئی ہے۔

13 منٹ 26 سیکنڈز پر مشتمل اِس گانے کا آغاز معروف بھارتی گلوکار اے آر رحمٰن نے کیا جس میں اُن کے ساتھ اُن کے بیٹے اے آر امین، بیٹی راحیمہ رحمٰن اور موسیقار ہیرل وردیہ شامل ہیں اور اِن سب نے ملکر فلم ’دل بیچارہ‘ کا ٹائٹل ٹریک گایا
اے آر رحمٰن کے بعد سنیدھی چوہان اور ہریدےگٹانی نے اپنے گانے’مسخری‘ کے ساتھ سوشانت کو خراج عقیدت پیش کیا، اِس ضمن میں سنیدھی چوہان نے کہا کہ میرے خیال میں یہ گانا سوشانت کو ریل اور حقیقی زندگی سے جوڑتا ہے، شاید یہ سوشانت کی شرارتی عادتوں کی ایک چھوٹی سی جھلک ہے۔

اس کے بعد گلوکار موہت چوہان اورشریہ گھوشال نے اپنے گانے ’تارے گن گن‘ کے ساتھ اداکار کو خراج عقیدت پیش کیا اور موہت چوہان نے کہا کہ ’چونکہ سوشانت کو ستاروں اور خلائی دُنیا سے بہت لگاؤ تھا تو ہم نے یہ گانا اُن کے شوق اور لگاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا ہے
ویڈیو میں ان گلوکاروں کے بعد شاشا تروپتی نے گانا ’کُھل کے جینا ‘ گایا اور آخر میں جونیتا گاندھی اور ہریدےگٹانی نے گانا ’میں تمہارا‘ گنگنایا۔

سوشانت سنگھ راجپوت کو دیے گئے اس خراج عقیدت کو اب تک 2 کروڑ سے زائد صارفین سُن چُکے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی اداکار سوشانت سنگھ کی آخری فلم ’دل بیچارہ‘ کا ٹریلر حال ہی میں ریلیز کیا گیا تھا، فلم دل بے چارہ ہالی ووڈ فلم ’دی فالٹ ان آر اسٹار‘ کا ہندی ریمیک ہے، اس فلم میں سوشانت کے ہمراہ سنجنا سانگھی مرکزی کردار ادا کررہی ہیں، سنجنا نے اس فلم کے ساتھ بالی ووڈ میں اپنا ڈیبیو کیا ہے۔

فلم ’دل بیچارہ‘ پہلے مئی میں ریلیز ہونے جا رہی تھی لیکن کورونا وائرس کے باعث ایسا نہ ہو سکا، تاہم اب یہ فلم 24 جولائی کو ڈزنی پلس اور ہاٹ اسٹارز پر ریلیز ہونے جا رہی ہے، جس کا سوشانت سنگھ کے مداح بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ نے رواں سال 14جون اتوار کے روز ممبئی کے علاقے باندرا میں واقع اپنے گھر میں خودکشی کی تھی، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اداکار کا گلا پھانسی کی وجہ سے گھٹا جس کے بعد اُن کی موت واقع ہوئی۔

سوشانت سنگھ کی خودکشی کے واقعے کی تحقیقات کے دوران پولیس کو ان کے گھر سے کچھ دستاویزات موصول ہوئے تھے جن کے مطابق سوشانت سنگھ ڈپریشن کا علاج کروا رہے تھے