امریکہ میں ایک ہی دن میں کورونا کے مزید 64 ہزار کے قریب کیسز رپورٹ

امریکہ میں ایک ہی دن میں کورونا کے مزید 64 ہزار کے قریب نئے کیسز رپورٹ۔ زیادہ متاثرہ ریاستوں میں کیلیفورنیا نے نیویارک کو پیچھے چھوڑ دیا، کیلیفورنیا میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 15 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے۔


تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز امریکہ میں کورونا وائرس کے 63 ہزار 967 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں مہلک وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 39 لاکھ 55 ہزار 860 ہو گئی ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے نے جان ہاپکنز یونیورسٹی کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکہ میں گزشتہ روز بھی ایک ہزار سے زائد ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں، رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز امریکہ میں 1059 افراد کورونا کے باعث ہلاک ہوئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 42 ہزار 942 ہو گئی ہے
امریکی ریاستوں کا تقابلی جائزہ لیا جائے تو کل تک کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ریاست نیویارک تھی جہاں وائرس کے کیسز کی تعداد 4 لاکھ سے بھی زائد تھی تاہم تازہ اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ ریاست کیلیفورنیا نے کورونا کے زیادہ کیسز کے حوالے سے نیویارک کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ صحت عامہ سے متعلق ریاستی حکام کا کہنا ہے کہ کیلیفورنیا میں کورونا سے متاثرین کی کل تعداد 4 لاکھ 13 ہزار 576 تک پہنچ گئی ہے جو کہ کسی بھی امرکی ریاست میں کورونا کے مریضوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق نیویارک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 4 لاکھ 10 ہزار سے کم ہے۔ اگر اموات کا جائزہ لیا جائے تو نیویارک امریکہ بھر میں سر فہرست ہے جہاں اب تک مہلک وائرس سے 25 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ کیلیفورنیا میں ہلاکتوں کی تعداد 8 ہزار سے بھی کم ہے