کراچی: سندھ ہائیکورٹ کا اندرون شہر سڑکوں پر قائم مویشی منڈیوں کے فوری خاتمے کا حکم

کراچی: سندھ ہائی کورٹ میں اندرون شہر مویشی منڈیوں کے قیام کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی جس کے بعد عدالت نے لیاری اور دیگر علاقوں میں سڑکوں پر قائم مویشی منڈیوں کو فوری طور پر ختم کرنے کا حکم دیے دیا۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر، پولیس اور دیگر کو مویشی منڈیاں ختم کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا جبکہ فریقین کو 27 جولائی تفصیلی جواب جمع کرانے کا حکم بھی دیا۔

درخواست کی سماعت جسٹس خادم حسین شیخ اور جسٹس عدنان اقبال نے کی جس کے دوران شہزاد رحیم ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ سندھ ہائیکورٹ نے اندورن شہر اور سڑکوں پر مویشی منڈیوں کو غیر قانونی قرار دیا تھا تاہم عدالتی احکامات کے باوجود لیاری اور شہری کے دیگر علاقوں میں غیر قانونی طور پر مویشی منڈیاں قائم کردی گئی ہیں۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ ایس ایچ اوز کو خطوط لکھے مگر کارروائی نہیں کی جارہی۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ سڑکوں پر قائم مویشی منڈیوں سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے جبکہ مویشی منڈیوں کے قیام سے گندگی پھیلتی ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ لیاری اور دیگر علاقوں میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کو فوری طور پر ختم کرنے کا حکم دیا جائے