پاکستان کوسٹ گارڈزکی اسمگلنگ کے خلاف مختلف کاروائیاں

مورخہ ء21جولائی2020: پاکستان کوسٹ گارڈزکو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ سپرہائی وے (کراچی)، وند ر اور گوادر (بلوچستان) سے بھاری مقدار میں شراب،چرس، چھالیہ، ایرانی تیل اور متفرق اشیاء اسمگل ہونے کا خدشہ ہے۔ پاکستان کوسٹ گارڈز کے خفیہ ذرائع کی نشا ندہی کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز کے علاقہ کمانڈرنے جوانوں کے ہمراہ موبائل گشت پارٹیاں ترتیب دیں اور مشکوک مقاما ت کی نگرانی شروع کر دی گئی۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مختلف جگہوں میں کی گئی کاروائیوں کی تفصیل درج ذیل ہے۔
1۔ ناکہ کھاری چیک پوسٹ پر ایک مسافر کو چ میں مسافر سے 5.7کلوگرام چرس برآمدکرکے گرفتار کرلیا گیا۔ جبکہ اسی طرح کی ایک اور کاروائی کے دوران مسافر کو چ میں سوار مسافر سے 04کلوگرام چرس برآمد کر کے گرفتار کر لیا گیا۔
2۔ ناکہ کھاری چیک پوسٹ سے 08 عدد مختلف گاڑیوں کی تلاشی کے دوران23,761 کلو گرام چھالیہ اور1,845پیکٹ انڈین گٹکابرآمد کر تے ہو ئے04افراد کو گرفتار کر لیا گیا ۔ وندر شہر کے قریب مختلف جگہوں پرغیر قانونی طور پر چھپایا گیا56,850لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کر لیا گیا۔
3۔ گوادر(بلوچستان) میں پلیری چیک پوسٹ پر نان کسٹم پیڈ کار کی تلاشی کے دوران 48بوتلیں شراب کی بر آمد کر تے ہوئے اسمگلر کو گرفتار کرلیا گیا۔ جبکہ ایک اور کاروائی کے دوران پاک ایران بارڈر پر دوران گشت 05عدد ٹرکو ں سے 77,500لیٹر ایرانی پٹرول برآمدکرتے ہوئے 07افراد کو گرفتا ر کر لیاگیا۔
4۔ گوادر کے قریب پاک ایران باڈر سے15تارکین وطن کو گرفتارکیا گیاجو کہ تمام پاکستانی شہر ی ہیں اور غیر قانونی طورپر پاکستان سے بیرون ملک جانے کی کوشش کر رہے تھے۔
5۔ چوڑ جمالی (کراچی)سے دوران چیکنگ ٹرک سے بھوسے کے نیچے چھپائی گئی5,936کلو گرام چھالیہ برآمد کر تے ہو ئے 02 افراد کو گرفتارکر لیا گیا۔
تمام اسمگل کی جانے والی منشیات،چھالیہ، 15عددگاڑیاں،16اسمگلرز اور15تارکین وطن کوپاکستان کوسٹ گارڈزنے اپنی تحویل میں لے لیا اور اسمگلرزکیخلاف مزید قانونی کاروائی جاری ہے۔ جبکہ 15تارکین وطن کو ابتدائی تفتیش کے بعد FIA کے حوالے کر دیاگیا۔ پکڑی جانے والی منشیات،چھالیہ اور گاڑیوں کی مالیت تقریباً11کروڑ10لاکھ62ہزار روپے کے لگ بھگ ہے۔
پاکستان کوسٹ گارڈز اس امر کا اعادہ کرتی ہے کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی کاروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی تا کہ وطنِ عزیز کو اس لعنت سے نجات دلائی جا سکے اور اس مقصد کے حصول کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جائے گا۔
ترجمان پاکستان کوسٹ گارڈز