’تنہائیاں‘ اور ’آہٹ‘ بھی سعودی عرب میں نشر کیے جائیں گے

پاکستان ٹیلی ویژن نیٹ ورک (پی ٹی وی) کا مقبول ڈرامہ دھوپ کنارے کی کامیاب عربی ڈبنگ کے بعد ’تنہائیاں‘ اور ’آہٹ‘ کو بھی عربی ڈبنگ کے ساتھ سعودی عرب میں نشر کیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سال 2019 میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات مضبوط کرنے کے لیے پاکستانی ڈرامے عربی زبان میں ڈب کرکے سعودی عرب میں نشر کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

یہ اعلان اُس وقت کے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپنے سعودی عرب کے دورے کے بعد اسلام آباد اور ریاض کے درمیان ’کلچرل ایکسچینج پروگرام‘ کے آغاز کے طور پر کیا تھا۔
اس کے بعد اس سلسلے میں تین ڈراموں کو منتخب کیا گیا تھا جن میں دھوپ کنارے، تنہائیاں اور آہٹ شامل تھے۔

اس بروجیکٹ کی نگرانی ڈاکٹر لبنیٰ فرح کررہی ہیں، حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں مترجم ڈاکٹر لبنیٰ فرح نے بتایا کہ ماضی کے مقبول ڈراموں کی ڈبنگز ریاض اور اسلام آباد کے درمیان ثقافتی اشتراک کو فروغ دینے کے پروگرام کے تحت کی جارہی ہیں۔

ڈاکٹر لبنی فرح کے مطابق سرکاری ٹی وی (پی ٹی وی) نے ان کے 25 سالہ عربی ترجمے کے تجربے کو دیکھتے ہوئے ان ڈراموں کو عربی میں ترجمہ کرنے کا کہا
ڈبنگز کے دوران ہونے والے مسائل اور تجربے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں عربی بولنے والے افراد کی تعداد بہت کم ہے اس لیے سب سے مشکل حصہ موزوں ڈبنگ آرٹسٹس کی تلاش تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ڈرامے میں 35 اداکار شامل تھے جن میں تین بچے بھی تھے اور ان تمام اداکاروں کے لیے آرٹسٹس تلاش کرنے میں طویل وقت لگا۔

لبنیٰ فرح نے کہا کہ ڈراموں کی ڈبنگ عام فہم عربی میں کی گئی ہے، ڈرامے میں فضیلت بی بی کے کردار کے لیے کوئی موزوں ڈبنگ آرٹسٹ نہ ملنے پر میں نے مجبوری میں یہ ڈبنگ خود اپنی آواز میں کی ہے۔
ترجمہ نگار لبنیٰ فرح نے کہا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ سفارت کاروں اور پاکستان کے فوجی سربراہوں کی دوسرے ممالک کے کمانڈرز سے ہونے والی ملاقاتوں میں بھی وہ موجود رہی ہیں۔

انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ’محمد بن سلمان کے وفد کے لیے مترجم کی خدمات سرانجام دینا میرے لیے اعزاز کی بات تھی۔ ‘

لبنیٰ فرح نے یہ بھی بتایا کہ محمد بن سلمان نے میرے ترجمے کی تعریف کی اور سعودی کابینہ کے ایک رکن نے مجھ سے پوچھا کہ آپ سچ میں عرب نہیں پاکستانی ہیں، کیونکہ میں نے ملاقات کے دوران سعودی لہجے میں عربی میں بات چیت کی تھی