کورونا کیخلاف ہماری حکمت عملی موثر ثابت ہوئی : شبلی فراز

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ کورونا کیخلاف ہماری حکمت عملی موثر ثابت ہوئی، وزیراعظم نے عوام کی زندگی اور روزگار سے متعلق متوازن پالیسی اختیار کی ہے ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کم وسائل اور صحت کے کمزور نظام کے باوجود جس عزم اور ثابت قدمی سے کورونا کا مقابلہ کیا، وہ ان کی بہترین قائدانہ صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے وبا کے دوران عوام کی زندگی اور روزگار کے درمیان توازن برقرار رکھ کر ملک کو کامیاب کروایا ۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے میں این سی او سی اور احساس پروگرام کامیابی کے دو موثر ہتھیار ثابت ہو رہے ہیں۔واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا کے وار کم ہونے لگے ہیں ، ملک بھر میں صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد دو لاکھ 4 ہزار275 ہو گئی ہے ۔ ملک میں‌ کورونا کے 2 لاکھ 63 ہزار496 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ ملک میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد5 ہزار568 ہوچکی ہے

Courtesy gnn news