فہد مصطفیٰ کا مہدی حسن کو خراج عقیدت

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ کی جانب سے شہنشاہ غزل مہدی حسن کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

لیجنڈ غزل گائیک مہدی حسن کی 93ویں سالگرہ کے موقع پر فہد مصطفیٰ نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ماضی کی ایک یادگار تصویر شیئر کی جس میں مہدی حسن کے ہمراہ معروف گلوکار تحسین جاوید بھی ہیں
فہد مصطفیٰ نے مہدی حسن کی سالگرہ کے دن اُنہیں یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ’مہدی صاحب ایک ’حقیقی آئکن‘ ہیں۔‘

اداکار نے تصویر شیئر کرتے ہوئے مہدی حسن کے لیے دُعائیہ پیغام بھی لکھا اور بتایا کہ یہ تصویر گلوکار تحسین جاوید کی جانب سے دی گئی ہے۔

اِس سے قبل معروف اداکار اور روک بینڈ ’کال‘ کے مرکزی گلوکار جنید خان نے خوبصورت انداز میں مشہور غزل ’زندگی میں تو سبھی‘ گا کر لیجنڈ غزل گائیک مہدی حسن کو خراج عقیدت پیش کیا تھا۔
واضح رہے کہ مہدی حسن18جولائی 1927 کو بھارتی ریاست راجھستان کے علاقے لونا میں پیدا ہوئے، مہدی حسن کا تعلق موسیقی کے اس بڑے گھرانے سے تھا جنہوں نے 16 پشتوں تک موسیقی کی خدمت کی۔

1956 میں ریڈیو پاکستان سے گائیکی کا آغاز کیا جب کہ 1962 میں پاکستانی فلم ’’شکار‘‘ کے لیے پہلی مرتبہ گیت ریکارڈ کروایا،انہوں نے مجموعی طور پر365 فلموں میں اپنی مسحور کن آواز کا جادو جگایا، فلمی صنعت میں انکی آواز کامیابی کی ضمانت سمجھی جاتی تھی۔

شعبہ موسیقی میں بہترین خدمات پر مہدی حسن کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی، تمغہ امتیاز، ہلال امتیاز جب کہ بھارت میں سہگل اور نیپال میں گورکھا دک شینا باہو ایوارڈ سے نوازا گیا۔

13 جون 2012 کو مہدی حسن کے انتقال سے اردو گائیکی کا باب بند ہوگیا